گلگت بلتستان کوعبوری آئینی صوبہ ملنے کے دن قریب آگئے ہیں،سپیکرگلگت بلتستان اسمبلی

اسلام آباد(محمداسحاق جلال)سپیکرگلگت بلتستان اسمبلی سیدامجدزیدی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کوعبوری آئینی صوبہ ملنے کے دن قریب آگئے ہیں۔وزیراعظم کی ہدایت پرقائم کردہ آئینی کمیٹی نے  سفارشات تیارکرلی ہیں اوراب سفارشات کوحتمی شکل دے رہی ہے۔کمیٹی اپنی سفارشات فائنل کرکے پارلیمنٹ میں پیش کرے گی۔مسلم لیگ(ن)اورپاکستان پیپلزپارٹی کوعبوری آئینی صوبے کے بل کی حمایت کرناہوگی ورنہ دونوں جماعتوں کوخمیازہ بھگتناپڑے گا۔کے پی این سے بات چیت کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ آئینی صوبہ دینے کافیصلہ حتمی ہے اس فیصلے میںاب کوئی ردوبدل نہیںہوگا۔مسلم لیگ(ن)اورپیپلزپارٹی کواب عبوری آئینی صوبے کی مخالفت چھوڑناہوگی۔انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ پارلیمنٹ میں عبوری آئینی صوبے کابل بھاری اکثریت سے پاس ہوگا اورہمیں عبوری آئینی صوبہ ملے گا۔ہماری جماعت کوئی ایساوعدہ نہیںکرتی جس پرعملدرآمد ممکن نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ عبوری آئینی صوبے کے حق میں صوبائی اسمبلی میں ایک اورقراردادلانے کافیصلہ کرلیا ہے۔قراردادکی حمایت پیپلزپارٹی،مسلم لیگ(ن)جمعیت علمائے اسلام سمیت تمام جماعتیں کریں گی۔کوئی جماعت آئینی صوبے کی مخالفت نہیں کرسکتی کیونکہ تمام جماعتیں چاہتی ہیں کہ گلگت بلتستان کو آئینی حقوق ملے۔آئینی صوبے ہم سب کا مطالبہ رہا ہے۔اسی لئے وزیراعظم نے سنجیدگی کامظاہرہ کرتے ہوئے آئینی صوبے کے خدوخال کوفائنل کرنے کے لئے کمیٹی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔کمیٹی تمام پہلوئوں کاجائزہ لے رہی ہے لیکن یہ بات کنفرم ہے کہ آئینی صوبے کاقصہ اب حل ہونے والا ہے۔گلگت بلتستان بہت جلد قومی دھارے میں شامل ہوگاہماری جماعت وہ کام کرنے جارہی ہے جو72سالوں میں ممکن نہیں ہواتھا۔