وزیر حسن ن لیگ میں شامل،نئے پاکستان والی جماعت سے لوگ تنگ آچکے،حفیظ


پاکستان مسلم لیگ (ن) سنٹرل سیکرٹریٹ گلگت میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کے مہمان خصوصی سابق وزیراعلی و صوبائی صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن تھے۔تقریب کا انعقاد گلگت بلتستان کی معروف سیاسی و پارلیمانی شخصیت روندو سے پیپلز پارٹی کے سابق ممبر اسمبلی اور تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر وزیر حسن اور ان کی رفقاء نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں باضابطہ شمولیت اعلان کیا۔وزیر حسن کی شمولیت پاکستان مسلم لیگ (ن) روندو کی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا تھا۔تقریب میں وزیر حسن اور ان کے رفقائ،عباس ایڈوکیٹ اور ان کے ساتھی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان کے سینئر رہنماؤں اور کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر وزیر حسن اور ان کے ساتھیوں نے باضابطہ طور پر پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) روندو کے سابق صدر عباس ایڈوکیٹ اور ان کے ساتھیوں اور پاکستان مسلم لیگ (ن) سنٹرل سیکریٹریٹ نے وزیر حسن کا استقبال کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزہراعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ سیاسی اور پارلیمانی سفر میں وزیر حسن میرے دیرینہ ساتھی اور دوست ہے۔میری خواہش تھی کہ وزیر حسن ہمارے قافلے کا حصہ بنے۔روندو عباس ایڈوکیٹ اور وزیر حسن کی قیادت میں ترقی کریگی۔آج وزیر حسن کی شمولیت سے بلتستان ڈویڑن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) مزید فعال اور مضبوط ہوگی۔انہوں نے کہاکہ آج قائد محمد نواز شریف کا بیانیہ،ووٹ کو عزت دو، پاکستانی قوم کی توانا آواز بن چکا ہے۔گلگت بلتستان میں لوگ نئے پاکستان کی جھوٹی نام نہاد جماعت تحریک انصاف سے تنگ آچکے ہیں وہ وقت دور نہیں جب پاکستان مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان کی سب سے بڑی عوامی،سیاسی اور پارلیمانی طاقت بن کر ابھرے گی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر حسن نے کہاکہ تاریخ نے ثابت کردیا ہے کہ ایک مظبوط،مستحکم اور خوشحال پاکستان کیلئے قائد محمد نواز شریف کی قیادت ناگزیر ہوچکی ہے۔گلگت بلتستان کیلئے نواز شریف,شہباز شریف اور حافظ حفیظ الرحمن کے مثالی وڑن اور قیادت نے مجھے متاثر کیا ہے جس کی باعث آج میں محمد نواز شریف اور حافظ حفیظ الرحمن کے قافلے کا ادنی کارکن بننے کا اعزاز حاصل کررہا ہوں جو میرے لئے باعث فخر ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عباس ایڈووکیٹ نے کہاکہ روندو اور گلگت بلتستان کی تعمیروترقی کیلئے ہم پاکستان مسلم لیگ (ن) میں ہر ترقی پسند سیاسی قیادت کو خوش آمدید کہیں گے۔ہمارے دل اور جماعت کے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں۔وزیر حسن کی شمولیت بلاشبہ گلگت بلتستان کیلئے نیک شگون ہے۔ہم امید رکھتے ہیں کہ وزیر حسن علاقے کی تعمیروترقی اور خطے میں سیاسی افہام و تفہیم کی فضاء کو استوار کرنے میں بھرپور کردار ادا کرینگے۔انہوں نے مزید کہاکہ اب روندو پاکستان مسلم لیگ (ن) گڑھ ہوگا۔تقریب کے آخر میں سابق وزیراعلی حفیظ الرحمن,پارٹی سینئر رہنماؤں اور کارکنوں نے وزیر حسن اور ساتھیوں کو مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے پر ہار پہنا کر خوش آمدید کیا۔