گلگت (پ ر) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کے زیر صدارت ایجوکیشن ریفارمز کمیٹی کے اجلاس منعقد ہوا جس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہاکہ معیار تعلیم اور تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کیلئے جزاء و سزاء کا نظام سختی سے رائج کیا جائے۔ 5thاور8th کلاس کے خراب نتائج ہم سب کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ گلگت بلتستان کے روشن مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے سخت فیصلے لینے ہوں گے۔ خراب نتائج کے ذمہ دار اساتذہ کیخلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے۔ نااہلی اور غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ تعلیم کا شعبہ صوبائی حکومت کے اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ معیار تعلیم کی بہتری کیلئے حکومت خصوصی اصلاحات متعارف کرارہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے سیکریٹری ایجوکیشن کو ہدایت کی کہ ایک مہینے میں اساتذہ کی کریش پلان کے تحت جن مضامین میں طالب علم کمزور ہیں ان مضامین کی خصوصی تیاری کرائیں اور دوبارہ امتحان کا موقع دیں ، بہتری نہ آنے کی صورت میں متعلقہ اساتذہ اور انتظامی آفیسران کیخلاف بھی محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہاکہ بورڈ آف الیمنٹری اینڈ سیکنڈری سکول گلگت بلتستان کے قیام کیلئے فزبلٹی تیار کی جائے تاکہ آئندہ مالی سال میں اس منصوبے کو شامل کیا جاسکے۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر سیکریٹری تعلیم کو ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ پبلک سکول اینڈ کالج جوٹیال گلگت کے اساتذہ کا سروس سٹرکچر کو حتمی شکل دینے کیلئے ایک ماہ میں سفارشات تیار کرکے منظوری کیلئے متعلقہ فورم میں پیش کریں۔ ایس پی ایس کے تحت خدمات سرانجام دینے والے اساتذہ کا کنٹریکٹ ختم ہوا ہے ،کے پی آئیز کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کو دوبارہ کنٹریکٹ دیا جائے۔ دیامر میں اساتذہ کی کمی دور کرنے کیلئے ایس پی ایس کے تحت اساتذہ کی بھرتیاں مروجہ طریقہ کار کے مطابق محکمہ تعلیم جلد شروع کرے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ SAP، BECS اور NCHS اساتذہ کی مستقلی کے عمل کو جلد مکمل کیاجائے تاکہ درکار اضافی آسامیوں کی تخلیق کیلئے وفاقی حکومت کو سفارش کی جاسکے۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری تعلیم نے سکولوں کے خراب نتائج اور 5thاور8thکے امتحانی طریقہ کار کے حوالے سے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کو تفصیلی بریفنگ دی اور آگاہ کیا کہ ہم نے اس سال امتحانی طریقہ کار میں تبدیلیاں کی ہیں۔ پاسنگ مارکس 33فیصد سے بڑھا کر 40 فیصد کیا ہے کیوں کہ فیڈر ل بورڈ میں بھی 40 فیصد کیا تھا۔ یہ اقدامات طالب علموں کو تعلیم کے اگلے مرحلے میں فیڈرل بورڈ کی تیاری اور تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے کیا گیاہے۔
