سپریم کورٹ کے آئینی بنچ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کرلی گئی۔جسٹس امین الدین کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی آئینی بنچ 21 مارچ کو عمران خان کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت کرے گا۔خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف توہینِ عدالت کی درخواست دائر کر رکھی ہے، یہ درخواست 25 مئی 2022ء کو لانگ مارچ مقررہ مقام کے بجائے ڈی چوک تک آنے پر دائر کی گئی تھی۔یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے حکومت سے درخواست کی مزید پیروی کرنے یا نہ کرنے پر جواب طلب کیا تھا جبکہ عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجا نے جواب جمع کروا رکھا ہے۔
