ملک میں کپاس کی پیداوار تیزی سے کم ہونے لگی، وزیر اعظم شہباز شریف نے کاٹن کی تیزی سے گرتی پیداوار پر اظہار تشویش کیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کپاس کی فصل کی بحالی کے لیے 15 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی، وفاقی وزیر فوڈ سکیورٹی کی سربراہی میں کمیٹی کپاس کی فصل کی بحالی کے لیے 30 دن میں تجاویز دے گی۔پیپلز پارٹی کے حیدرآباد سے رکن قومی اسمبلی حسین طارق جاموٹ، لمز سے ڈاکٹر احسن رضا، سابق وزیر اور سابق چیئرمین پی اے آر سی کمیٹی میں شامل ہیں، خصوصی بحالی کپاس کمیٹی کا پہلا اجلاس 13 مارچ کو بلا لیا گیا۔کمیٹی بین الاقوامی معیارات، آلودگی کے پیرامیٹرز کا جائزہ لے گی، روئی کی گانٹھوں کی مناسب درجہ بندی اورمعیاری بنانے کے لیے سفارشات تیار ہوں گی، کمیٹی ملک بھر میں کپاس کی پیداوار بڑھانے کے لیے تکنیکی تجاویز بھی پیش کرے گی۔کپاس کے ماہر، ٹیکسٹائل صنعت اور اپٹما کے سابق چیئرمین بھی کمیٹی کا حصہ ہیں، سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے کپاس کے کاشتکار،پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے محکمہ زراعت کے سیکرٹریز شامل ہوں گے، وزارت قومی غذائی تحفظ کے سیکرٹری کمیٹی کے سیکرٹری کے طور پر کام کریں گے۔
