ترقی کیلئے نظام بدلنے کا سلسلہ روکنا ہوگا، احسن اقبال

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان ترقی کر سکتا ہے مگر یہ سلسلہ روکنا ہوگا کہ جب چاہا نظام بدل دیا۔ انٹرنیشنل انجینئرز ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ انجینئرنگ کا پروفیشن دنیا کا سب سے پرانا شعبہ ہے۔ دنیا کے تمام عجوبے انجینئرز نے تیار کیے۔ قدیم دور سے آج تک ہر ایجاد کے پیچھے انجینئرز کی کوشش رہی۔ پاکستان کی ترقی کے ہر شعبے میں بھی انجینئرز کا ہاتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیم، شاہرات، ترقیاتی منصوبے، میزائل اور ایٹمی پروگرام کے پیچھے انجینئرز ہیں۔ آج ہم نے جہاں کامیابیوں کو دیکھنا ہے، وہیں ناکامیوں پر بھی بات کرنی ہے۔ کیا وجہ ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں انجینئرز ہونے کے باوجود ملک دنیا کے ساتھ ترقی نہیں کرسکا۔ دنیا میں جن ممالک نے ترقی کی، انہوں نے ٹیکنالوجی کو اپنایا۔ ہمارے لیے گلوبل انوویشن انڈیکس کو جانچنا اہم ہے۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ انوویشن میں دنیا بھر میں پاکستان کا نمبر 91 ہے۔ ہمارے پڑوسی اور دوست ممالک اس انڈیکس میں بہت آگے ہیں۔ اس انڈیکس میں بہتری کی وجہ سے ان ممالک کی معیشت ترقی کررہی ہے۔ اتنے بہترین ذہن ہونے کے باوجود کیا وجہ ہے کہ ہم انوویشن میں پیچھے ہیں؟۔ ہمیں انجینئرنگ میں شعبہ تعلیم سے جدت کا آغاز کرنا ہوگا۔ ایک چھوٹے سے ملک اسرائیل کے سامنے سب مسلم ممالک بے بس ہیں۔ اسرائیل کی ٹیکنالوجی میں ترقی کی وجہ سے پورا مغرب اس کی جیب میں ہے۔ اسرائیل جو کرتا پھرے کوئی اس سے پوچھنے والا نہیں۔