بلدیاتی نمائندوں سے زیادتی ہورہی ہے، گورنر خیبرپختونخوا

 پشاور (حاشر عبداللہ سے)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی میزبانی میں بلدیاتی اداروں اور نمائندوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے گورنر ہائوس پشاور میں بلدیاتی کنونشن منعقد ہوا۔ کنونشن میں صوبہ بھر کے تحصیل ناظمین، ویلج ونیبرہوڈ کونسل کے چیئرمین اور بلدیاتی کونسلرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی رہنما محمدعلی شاہ باچہ، اراکین صوبائی اسمبلی احمدکریم کنڈی اور  ارباب زرک سمیت پاکستان پیپلزپارٹی اوردیگرسیاسی جماعتوں کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔ کنونشن میں بلدیاتی نمائندوں کو تین سالوں سے فنڈ اور اختیارات سے محروم رکھنے پر صوبائی حکومت پرسخت تنقید کی گئی اور بلدیاتی نظام کو مفلوج بنانے پر اور نچلی سطح پر عوام کو ان کے حق سے محروم رکھنے، اپنے حقوق کیلئے احتجاج پر مجبور کرنے اور احتجاجی مظاہرین پر تشدد کرنے کی شدید مذمت کی گئی۔ کنونشن میں بلدیاتی نمائندوں نے بلدیاتی اداروں کے تین سال ضائع ہونے کے باعث بلدیاتی اداروں کو توسیع دینے، فنڈز فراہمی اور انتخابات سے پہلے کی گئی قانون سازی کے مطابق اختیارات دینے سمیت مختلف تجاویز پیش کیں۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کنونشن کا مقصد بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ مل کر آئندہ کا لائحہ طے کرنا ہے۔گورنرنے کہاکہ  بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ تین سال سے زیادتی ہو رہی ہیں بلدیاتی نمائندکے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑا ہوں۔انہوں نے کہاکہ صوبے کے امن اور بلدیاتی نمائندوں کے حقوق کے لیے وفاق سے بات کروں گا۔ انہوں نے کہاکہ کنونشن میں دیے گئے تجاویز کی روشنی میں سفارشات تیار کی جائینگی،ایک کمیٹی قائم کی جائیگی اور ان سفارشات و تجاویز کو صدر مملکت، وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ کے سامنے رکھا جائے گا تاکہ بلدیاتی نمائندو ں کوان کاجائزحق دیاجاسکے۔