ترقی میں بھارت کو پیچھے چھوڑیں گے، شہباز شریف

 وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم خون پسینہ بہا کر ملک کو عظیم بنائیں گے، ترقی میں بھارت کو پیچھے نہ چھوڑا تو میرا نام شہباز شریف نہیں، قرضوں کے ساتھ پاکستان ترقی نہیں کرے گا،  چاروں صوبوں کو ساتھ لے کر چلیں گے تاکہ ملک ترقی کرے  ،دعا کریں کہ صنعتوں کی چمنیوں سے دھواں نکلے اور ملک ترقی کرے، ہمارے کسان فصلوں کی پیداوار بڑھائیں، تاکہ ملک ترقی کرے۔وزیراعظم نے ان خیالات کااظہار ڈیرہ غازی خان میں مسلم لیگ  ن کے ایک  جلسے سے خطاب میں کیا۔وزیر اعظم نے  سرائیکی زبان میں بھی بات کی ۔وزیر اعظم نے  کہا  ڈیرہ غازی خان آکر دلی خوشی ہو رہی ہے، والہانہ اور پرتپاک استقبال پر ڈیرہ غازی خان کے عوام کا مشکور ہوں، ہم نے عوام کی ترقی کیلئے دن رات کام کیا، نواز شریف کا وژن صرف پاکستان کی ترقی ہے۔ وزیر اعظم  نے  راجن پور میں یونیورسٹی اور ڈی جی خان میں کینسر ہسپتال کے قیام کا اعلان کیا    اور  کہا کہ جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو مہنگائی 40 فیصد پر تھی، نواز شریف کے لیے یہ فیصلہ کرنا مشکل تھا کہ وہ ملک کو بچائیں یا سیاست کو دیکھیں، لیکن انہوں نے سیاست قربان کرنے اور ملک کو بچانے کا فیصلہ کیا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جب میں بیرون ملک جاتا ہوں تو میزبانوں کو محسوس ہوتا ہے کہ یہ پیسے مانگنے آئے ہیں، ایک شخص نے کہا تھا کہ شہباز شریف باہر جاتا ہے تو لوگ سمجھتے ہیں کہ قرضہ مانگنے گیا ہے، تو میں سوال کرتا ہوں کہ عمران خان کیا قرض بانٹنے جاتے تھے؟ ۔شہباز شریف نے کہا کہ جب باہر جاتا ہوں تو دعا کرتا ہوں برادر ملک کے سربراہ یہ نہ سمجھیں کچھ مانگنے آیا ہوں  ۔انہوں نے کہا کہ ایک سال پہلے جو مہنگائی 40 فیصد تھی، آج 2.4 فیصد پر آگئی ہے، کاروباری برادری کے لیے قرضوں پر جو شرح سود 22 فیصد تھی، وہ آج آدھی ہوگئی ہے، ملک ترقی کر رہا ہے، جس پر ہم اللہ پاک کے شکر گزار ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں نے صحت، تعلیم اور انڈسٹری کی ترقی کیلئے خادم اعلی کی حیثیت سے کام کیا، عوام کو روزگار کی فراہمی کیلئے منصوبوں کے جال بچھائے، ساری عمر بھی آپ کی خدمت کرتا رہوں تو آپ کا احسان نہیں اتار سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جو فیصلہ کیا تھا کہ سیاست قربان کر دیں گے، اور ملک بچالیں گے، میں سمجھتا ہوں کہ آج ہم اس دور میں پہنچ گئے ہیں، جب ترقی کا آغاز ہو رہا ہے، ہم تمام صوبوں کے ساتھ ملکر ملک کی ترقی و خوش حالی کے لیے محنت کررہے ہیں اور آگے بھی سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ میرے لیے تمام صوبے برابر ہیں، ہم خون پسینہ بہا کر ملک کو عظیم بنائیں گے، ترقی میں بھارت کو پیچھے نہ چھوڑا تو میرا نام شہباز شریف نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لوگوں سے ہمیں خصوصی لگائو ہے، پہلے میاں نواز شریف اور میں نے آپ لوگوں کی خدمت کی، اب نواز شریف کی صاحبزادی وزیراعلی پنجاب مریم نواز آپ لوگوں کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔ مریم نواز پنجاب کے گھر گھر میں ادویات پہنچا رہی ہیں، مریم نواز ہر گھر کی دہلیز پر سہولیات پہنچانے کیلئے کوشاں ہیں، 2010 کے سیلاب میں ہم نے جنوبی پنجاب میں دن رات کام کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے ماضی میں جو بھی منصوبے دئیے،  ہم نے کوئی احسان نہیں کیا، عوام کا پیسہ عوام پر لگایا ہے، جنوبی پنجاب نے جس طرح ہماری پارٹی اور خاندان کا ساتھ دیا ہے، اگر ساری زندگی خدمت کرتے رہیں تو بھی احسان نہیں اتارسکتے، ہم عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔