عدلیہ کو اپنے پیروں پر کھڑا ہونا چاہیے،عمرایوب

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ عدلیہ کو اپنے پیروں پر کھڑا ہونا چاہیے، عدلیہ کو کہنا چاہیے کہ بس اب بہت ہوگیا، انسداد دہشتگری عدالت کے ججوں کو کھڑے ہونا ہوگا۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان، سینیٹر شبلی فراز اور سلمان اکرم راجہ نے خیبرپختونخوا ہاﺅس اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آج تین ایشو پر عوام سے بات کرنا چاہیں گے، ایک سال پورا ہونے کو آیا، پی ٹی آئی کو عوام نے مینڈیٹ دیا تھا، نیشنل اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پاس 180 سیٹیں آئی تھیں، پنجاب میں بھی اکثریت تھی۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی انسان ہو، وہ یہ جانتا ہے کہ 2024 کے الیکشن ریگڈ تھے، ہم نے کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا تھا، نہ کمیشن بنا نہ عدلیہ نے نوٹس لیا، ہماری 74 پیٹیشن میں سے کوئی ایک بھی آگے نہ بڑھ سکی۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم آج بھی یہی مطالبہ کرتے ہیں کہ ہم اپنا آئینی حق واپس لیں گے، جعلی مینڈیٹ کے ساتھ بنی حکومت نے آئینی ترامیم پاس کروائی تھی، پی ٹی آئی کا اصولی موقف یہ ہے کہ چھبیسویں ترمیم پر فیصلہ کیا جائے، اس کا فیصلہ وہ جج صاحبان کریں جو ترمیم سے پہلے تعینات تھے، اس سے پہلے ہم نے مذاکرات کے لئے بھی کہا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کمیٹی بھی بنائی لیکن مذاکرات آگے نہ بڑھ سکے، حکومت نے راہ فرار اختیار کی اور موقع ضائع ہو گیا، اس وقت پی ٹی آئی پاکستان کی نمبر ون پارٹی ہے، خان صاحب نے کچھ لیٹر لکھے پاورفل آدمی کو، بانی پی ٹی آئی نے لکھا کہ فوج اور عوام کے درمیان خلیج نہیں ہونی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اسمبلی میں پوائنٹ آف آرڈر نہیں ملتا، یہ جمہوریت کے لئے اچھی بات نہیں ہے۔اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی تک رسائی بند کردی گئی، توشہ خانہ ٹو کیس میں سماعت عجیب طریقے سے ملتوی کی گئی، عدلیہ کو اپنے پیروں پر کھڑا ہونا چاہیے، عدلیہ کو کہنا چاہیے کہ بس اب بہت ہوگیا، انسداد دہشتگری عدالت کے ججوں کو کھڑے ہونا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ، بشریٰ بی بی، شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، حسان نیازی، میاں محمود الرشید سمیت زیر حراست تمام قیدی سیاسی قیدی ہیں، ان سب کو رہا ہونا چاہیے، پاکستان میں قانون کی بالادستی نہیں ہے، یہاں کوئی سرمایہ کاری کے لیے تیار نہیں ہے۔عمر ایوب خان نے کہا کہ میں تمام حکومتی وزرا کو چیلنج کرتا ہوں کہ میرے ساتھ مہنگائی کے معاملے پر مناظرہ کرلیں، بجلی، آٹا، گیس، چینی، سب مہنگا ہوگیا، لوگوں کی قوت خرید کم ہوگئی ، یہ دنیا کے سب سے جھوٹے لوگ ہیں۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے اوپن خط لکھا، بانی چیئرمین پی ٹی آئی وزیراعظم رہ چکے ہیں وہ دوبارا وزیراعظم ہوں گے، ان کے تجربے کا فائدہ اٹھانا چاہیے، ان کے ویژن اور تجربے سے فائدہ اٹھائیں، بانی چیئرمین پی ٹی آئی پوری قوم کو متحد کرسکتا ہے۔عمر ایوب خان نے کہا کہ بلوچستان میں حالات خراب ہیں، بلوچستان کے 8 اضلاع میں کوئی پاکستان کا جھنڈا نہیں لہرا سکتا، بلوچستان کے ممبران قومی اسمبلی ڈرے ہوئے ہیں، 1971 میں جنرل یحییٰ نے کہا تھا کہ سب ٹھیک ہے اور تب ہی سقوط ڈھاکا ہوا تھا۔انہوںنے کہا کہ گوریلہ جنگ جاری ہے، مسلح افواج کے سربراہان سے کہتا ہوں تحقیقات کریں کیوں اتنے زیادہ پاک فوج کے جوان شہید ہورہے ہیں؟ قوم کو اس کا جواب دیں، سٹیٹ عوام ہوتی ہے، سٹیٹ، قومی اسمبلی ، سینیٹ ، صوبائی حکومتیں ہوتی ہے۔قائد حزب اختلاف نے کہا کہ پہلی بار آئی ایم ایف کا اس نوعیت کا وفد پاکستان میں آیا ہے، آئین اور قانون کی بالادستی جب تک نہیں ہوگی تو کوئی یہاں سرمایہ کاری نہیں کرے گا، یہ چیز سب کو نظر آرہی ہے، یہی بات بانی چیئرمین پی ٹی آئی کہہ رہے ہیں، ہمیں چیف جسٹس آف پاکستان نے دعوت دی ہے جوڈیشل ریفارز کی میٹنگ میں، ہم انشا اللہ اس میں جائیں گے۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ جو ملک کو جوڑ سکتے تھے انہیں توڑا گیا، 8 فروری کو درندگی کی گئی، پٹن نے ہوشربا رپورٹ جاری کی ۔انہوں نے کہا کہ لوگوں نے ووٹ کاسٹ کیا، پہلے دھاندلی فریقین کرواتے تھے، الیکشن کا دن تقریبآ ٹھیک گزرا، لیکن اس کے بعد کاروائی ڈالی گئی، ہر پولنگ سٹیشن پر ڈبے کھولے گئے، فارم 45 کو بدلا گیا، پولنگ سٹیشن سے پریذائیڈنگ افسران نے ووٹ والے ڈبے اور فارم 45 ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں منتقل کئے ۔انہوںنے کہا کہ گنتی دونوں امیدواروں کی موجودگی میں ہونی چاہیے، ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں ہم بیٹھے ہوئے تھے تو کہا گیا گولی چل گئی ہے، ہمیں گریبانوں سے پکڑ کر وہاں سے باہر پھینکا گیا، گولی کس نے چلائی ؟کوئی تحقیق نہیں ہوئی، یہی عمل 90 فیصد پاکستان میں ہوا۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ کہا گیا باقی عمل خفیہ طور پر ہوگا، فارم 45 کے ساتھ ایک فارم 46 ہوتا ہے جس پر پریذائیڈنگ افسر یہ لکھتا ہے کہ کتنے بیلٹس استعمال ہوئے ، کتنے ووٹ ڈلے اور کتنے ضائع ہوئے، الیکشن کمیشن کی ویب سائٹس پر آج بھی فارمز ایسے ملیں گے جہاں فارم 46 اور 45 میں ڈالے گئے ووٹ کچھ اور ہیں اور مجموعی نتیجہ کچھ اور ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا رکارڈ ہی پڑھ لیں تو سب عیاں ہو جائے گا، اس انتخاب کو بے دردی سے لوٹا گیا،اس رپورٹ کا مطالعہ کریں، سپریم کورٹ اس کا جائزہ لے، یہ ڈاکہ چھپ نہیں سکتا، پاکستان کی آواز کو سلب کیا گیا، ممکن نہیں ہے کہ ایک ہی حلقے میں قومی اسمبلی کا ٹرن آﺅٹ 80 فیصد ہو اور صوبائی اسمبلی کا ٹرن آﺅٹ 40 فیصد ہو۔سلمان اکرم راجا نے کہا کہ یہ اسمبلی قانونی جواز نہیں رکھتی، ہماری پٹیشنز سنی نہیں جا رہیں، میں نے تمام مواد الیکشن کمیشن میں فائل کیا، الیکشن کمیشن نے ہمارا مذاق اڑایا، کہا گیا آپ راتوں رات 400 فارمز بنا لائے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے کہا ہم کچھ نہیں کریں گے، الیکشن ٹریبونل بنے، پنجاب جیسے 12 کڑور آبادی والے صوبے میں 2 ججوں کو الیکشن ٹریبونل کے طور پر تعینات کیا گیا۔ا نہوںنے کہا کہ ہم نے کہا مزید جج تعینات کیے جائیں، نام دینے پر اصرار کیا گیا، جسٹس شہزاد احمد خان نے جن ناموں پر اتفاق کیا، اس پر ہم سب تسلی رکھتے تھے، اس کے جواب میں حکومت نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی، قاضی فائز نے اس کے خلاف فیصلہ دیا۔