صدر ووزیراعظم کا دہشتگردوں کیخلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے انٹیلیجنس پر مبنی کاروائی کے دوران فتن الخوارج کے دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا اور صدر مملکت نے کارروائی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ محمد حسان اشرف شہید سمیت 4 جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔صدر مملکت نے کہا کہ قوم اپنے بہادر شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی، صدر مملکت نے پاک فوج کے بہادر شہدا کی بہادری اور جذبہ حب الوطنی کو سراہا اور دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی، دہشت گرد عناصر کے خاتمے، ملکی دفاع کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پذیرائی کرتے ہوئے ڈیرہ اسماعیل خان اور شمالی وزیرِ ستان میں علیحدہ علیحدہ آپریشنز میں 15 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ زیرِ اعظم نے آپریشنز کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ محمد حسان اشرف، نائب صوبیدار محمد بلال، سپاہی فرحت اللہ اور سپاہی ہمت خان کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہدا کی بلندی درجات اور انکے اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا بھی کی۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہدا اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔وزیرِاعظم نے کہا کہ دہشتگردوں کے ملک کے امن کو خراب کرنے کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ افواج پاکستان کے افسران و جوان اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر وطن کی حفاظت کیلئے دن رات مصروف عمل ہیں،پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کے ملک کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم پر انہیں سلام پیش کرتی ہے۔