کوئی دو ریاستی حل ممکن نہیں ، فلسطین صرف فلسطینیوں کا ہے، حافظ نعیم الرحمان

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کوئی دو ریاستی حل ممکن نہیں ہے، فلسطین صرف فلسطینیوں کا ہے۔فلسطین کا معاملہ مسئلہ کشمیر کی طرح ہماری ریاستی پالیسی کا حصہ ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ہفتہ کے روز اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام 2 روزہ انٹر نیشنل فلسطین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہکانفرنس کے اختتام پر مسئلہ فلسطین کا حل پیش کیا جائے گا ۔ فلسطین کی زمین فلسطینیوں کی ہے، پوری دنیا سے صیہونیوں کو لاکر فلسطین میں بسایا گیا، اعلان بارفر میں پوری دنیا نے جھوٹ بولا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہزاروں کی تعداد میں فلسطینیوں کو شہید اور بے گھر کیا جا چکا ہے، حالیہ جنگ بندی کے بعد کئی فلسطینی پندرہ سے سولہ سال بعد قید سے رہا ہوئے، حماس نے اپنا جائز اختیار اور حق استعمال کیا ہے۔حافظ نعیم الرحمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اپنے حق کے لیے ہتھیار اٹھانا اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق ہے، امریکہ کس بنیاد پر حماس کو دہشت کرد قرار دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو صرف اپنی پسند کی جمہوریت اور بادشاہت چاہئے، امریکہ ہمیں جمہوریت نہ سکھائے، امریکہ کا اپنا وجود ریڈ انڈینز کے خون پر بنا ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ویتنام پر لشکر کشی کرنے والا، ہیروشیما اور ناگاساکی پر ایٹم بم گرانے والا امریکہ خود سب سے بڑا دہشت گرد ہے، اسرائیلی دہشت گردی کے جواب میں ہمیں حماس کی حمایت کرنی ہو گی۔  قبل ازیں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام 2 روزہ بین الاقوامی فلسطین کانفرنس اسلام آباد میں شروع ہو ئی۔فلسطین انٹرنیشنل کانفرنس میں مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ غیر ملکی مندوبین اور پارلیمنٹیرینز شریک ہیں۔ ڈائریکٹر فارن افیئرز جماعت اسلامی آصف لقمان قاضی کا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم سب فلسطین کاز کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلسطین پر حملے کی دھمکی دی ہے۔آصف لقمان نے کہا کہ امریکی صدر کا بیان عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، گزشتہ پندرہ ماہ کے دوران غزہ میں نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی کی گئی، امریکہ سمیت عالمی قوتیں اسرائیل کو سپورٹ کر رہی ہیں، اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کروانے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔انہوں نے کہا کہ دو روزہ کانفرنس میں ایکشن پلان پر مشاورت کی جائے گی کانفرنس میں 15 ممالک کے 40 مندوبین شرکت کر رہے ہیں، مشترکہ پلان آف ایکشن کے لیے مندوبین کی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کو انصاف کی فراہمی تمام ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ سینئیرسیاستدان راجہ ظفر الحق نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں ظلم کی انتہا ہو چکی ہے، کوئی قانون نہیں ہے، 61 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کیا جا چکا ہے، غزہ میں کوئی عمارت، کوئی اسپتال سلامت نہیں ہے