پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے صوابی جلسے کے بعد پارٹی میں سزا و جزا کا عمل لانے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ پارٹی میں سزا اور جزا کا عمل لانے والا ہوں، اب ایسا نہیں چلے گا کہ کوئی محنت کرے اور کوئی نہ کرے، پارٹی کیلئے محنت کرنے اور نہ کرنے والوں کی اب نشاندہی ہوگی۔ اپنے ایک بیان میں جنید اکبر نے گزشتہ روز ہونے والے صوابی جلسے میں کون کتنے ورکرز لے کر آیا؟ اس حوالے سے رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کر دی۔ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر کا کہنا تھا کہ تمام ضلعی اور تحصیل کے صدور تین دن کے اندر رپورٹ جمع کریں، رپورٹ کو نہ صرف بانی پی ٹی آئی عمران خان کو بھیجا جائے گا بلکہ اسے سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیا جائے گا۔
