وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پارٹی کارکنان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔عطا تارڑ نے مسلم لیگ ن کے انتقال کرجانے والے کارکنان کے لیے دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گڈو ن لیگ کے دیرینہ کارکن تھے جنہوں نے پارٹی کے لئے قربانیاں دیں، کارکنان نہ ہوں تو کوئی ایم پی اے یا کوئی وزیر نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے کارکنان جو خون پسینہ پارٹی کو دیتے ہیں ان کے اہلخانہ کی مالی مدد ہونی چاہیے، مشکل دور گزرا ہے عدالتوں کچہریوں تھانوں میں سب ورکرز موجود ہوتے تھے، اگر ورکرز آواز نہ اٹھاتے تو خزاں کے بعد بہار نہ آتی، جہاں کارکنان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا تو قائد کی قربانیوں کو نہیں بھولنا چاہیے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ نوازشریف، شہبازشریف مریم نواز سمیت ساری قیادت جیل گئی، جھوٹے کیس میں قیادت جیل میں تھی اور وہ پیاروں کے جنازے میں شرکت نہ کر سکے، خاندان کی طرح پارٹی جڑی رہی نہ ہی جانے والے واپس آ سکتے ہیں۔عطا تارڑ نے مزید کہا کہ دل میں غم رہے گا آخری وقت میں نوازشریف، مریم نواز اور والدہ کے ساتھ شہبازشریف کا وقت گزر جاتا، تسلیم کرتا ہوں جو بھی ہوں کارکنان کے سر پر ہوں۔
