حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن)نے کہا ہے کہ اتحادی جماعتوں کے معاملات پر مداخلت نہیں کی جا رہی ہے اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔اس ضمن میں مسلم لیگ (ن)کے ذرائع نے بتایا کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری بدستور اپنے عہدے پر کام جاری رکھیں گے، متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیوایم)پاکستان کے تنظیمی معاملات کا تعلق ان کی قیادت سے ہے، اس سے وفاقی حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے۔وفاقی حکومت کے ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ(ن)کی وفاقی حکومت اتحادیوں کی تنظیمی سیٹ اپ یا معاملات میں مداخلت نہیں کرتی ہے، اسی پالیسی کے سبب مسلم لیگ (ن)کی حکومت اور اتحادیوں میں مثالی تعلقات ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گورنر سندھ کی تبدیلی کی زیر گردش اطلاعات درست نہیں ہیں،گورنر سندھ کی تبدیلی کے حوالے سے وفاقی حکومت میں کوئی تجویز زیر غور نہیں کہ گورنر سندھ کو عہدے سے ہٹایا جائے یا نیا گورنر نامزد کیا جائے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری وفاق کے نمائندے ہیں وہ اپنے عہدے پر بدستور کام جاری رکھیں گے، ایم کیو ایم پاکستان مسلم لیگ (ن)ی اتحادی ہے اور وفاقی حکومت نے موجودہ گورنر سندھ کی تقرری ایم کیوایم پاکستان کی قیادت سے مشاورت سے کی ہے۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) اور ایم کیو ایم پاکستان میں آئندہ بھی تمام امور پر ورکنگ ریلیشن شپ کی پالیسی برقرار رہے گی، مستقبل میں حکومتی سطح سمیت تمام امور پر فیصلے دونوں جماعتوں میں مشاورت سے کیے جائیں گے۔
