پی ٹی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے آرمی چیف کو خط ملکی مفاد میں لکھا ہے ،نیت کو دیکھا جانا چاہیے اگر نیت معاملات سلجھانے کی ہے تو اسے مثبت لیا جانا چاہیے۔ بانی پی ٹی آئی کے آرمی چیف کو لکھے خط کے بارے میں سنا ہے دیکھا ۔ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے خط میں وجوہات اور تجاویز بیان کی ہیں جنہیں مثبت انداز میں دیکھا جائے۔ عمران خان کا خط پاکستان کے مسائل کے حوالے سے ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت قومی ایجنڈے کی ضرورت ہے ایک بڑا قومی معاہدہ ہونا چاہیے، تمام جماعتیں ایک آزادانہ اور خود مختار الیکشن کمیشن پر اتفاق کریں۔آج سب سے زیادہ ضرورت نفرت مٹانے اور خلیج کم کرنے کی ضرورت ہے۔ملک میں اصلاحات کےلیے قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے، کوئی انفرادی شخص چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت نہیں رکھتا، موجودہ قیادت دل اور دماغ سے ملک کا سوچے۔ سوچنا ہوگا کہ ہم اس دلدل سے کیسے نکلیں، ہم دلدل میں دھنستے چلے جا رہے ہیں، اس وقت اگر کوئی معقول بات کرتا ہے تو اس کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔