وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ابھی تک بانی پی ٹی آئی کیلئے امریکا سے فون کال نہیں آئی، مذاکرات سے متعلق پی ٹی آئی سے پوچھیں کہ کیا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی سے درخواست کریں گے کہ 8 کو جلسہ نہ کریں، غیرقانونی اور جعلی دستاویزات پر بیرون ملک جانے والوں کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوںنے ہفتہ کو لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں کیا ۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بہت جلد وفاقی تحقیقاتی ا دارہ (ایف آئی اے) میں تبدیلی نظر آئے گی۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک ڈنکی لگا کر جانے والوں کی سب سے زیادہ تعداد پنجاب کے دو ڈویژن فیصل آباد اور گجرات سے تعلق رکھنے والوں کی ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ اس کے انسداد کے لیے ایف آئی اے میں اصلاحات لا رہے ہیں۔ بہت جلد ایف آئی اے میں تبدیلی نظر آئے گی۔ اور آنے والے دنوں میں اس کے نتائج نظر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ دعوی تو نہیں کرتے کہ غیرقانونی طور پر بیرون ملک جانے کا سلسلہ مکمل طور پر ختم کر دیں گے مگر اس کو حتی الامکان کم کر دیں گے۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عوام کو پاسپورٹ کے اجرا میں مزید سہولت فراہم کر رہے ہیں۔ملک کے 14 شہروں میں پاسپورٹ کاﺅنٹرز بنا رہے ہیں۔ نادرا اور پاسپورٹ حکام مل کر عوام کو سہولت بہم پہنچا رہے ہیں۔ کاﺅنٹر بننے کا فائدہ ہوگا، لوگ لمبی لائن لگانے سے بچ جائیں گے ۔پاسپورٹ اتھارٹی بنے گی تو مسائل حل ہونا شروع ہوجائیں گے۔محسن نقوی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں میں حقیقت نہیں ہوتی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ مذاکرات سے متعلق پی ٹی آئی سے پوچھیں کہ کیا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی سے درخواست کریں گے کہ 8 کو جلسہ نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ پہلے بھی پی ٹی آئی نے ایسی ہی تاریخیں طے کی تھیں، ابھی تک بانی پی ٹی آئی کیلئے امریکا سے فون کال نہیں آئی۔ وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ کچھ چیزیں حقیقت میں نظر آنا شروع ہوگئی ہیں، پاکستان کا امریکی حکومت سے اچھا تعلق ہے، امریکا میں کافی کانگریس مینز سے ملاقات ہوئی ہے۔ چیمپئنز ٹرافی کے لیے تیار کیے جانے والے سٹیڈیمز پر آنے والی لاگت سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ جو خرچہ ہوا ہے اس کو برابر کرنے میں وقت لگے گا، بہت سارے اور لوگوں کے خواب بھی ٹوٹے ہیں، ان کا خیال تھا سٹیڈیمز کے لیے کام مکمل نہیں ہو گا اور ایونٹ کہیں اور منتقل ہو گا۔محسن نقوی نے کہا کہ 13 ارب میں 3 سٹیڈیمز اور ہیڈ آفس کی بلڈنگ بھی تھی ، پنڈی سٹیڈیم کے سٹرکچر میں مسائل آئے ہیں، اگلے 8 سے 10 ماہ میں پنڈی اسلام آباد میں نیا برینڈ نیو سٹیڈیم بنائیں گے، کرکٹ بورڈ آزاد ہے، حکومت سے کوئی پیسہ نہیں لیتا نہ گرانٹ لیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تنقید کرنے والوں کا اللہ بھلا کرے، باہر والی جگہ کو ری ڈیزائن کریں گے۔چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ہم نے تمام بورڈ کو دعوت نامہ دیا، آئی سی سی چیئرمین کو بھی دیا ہے، کافی سارے مہمان پاکستان آرہے ہیں ، کپتانوں کی پریس کانفرنس نے آئی سی سی نے کوار ڈی نیٹ کرنا تھا، کچھ ٹیمیں آخری ٹائم پرآرہی ہیں، کچھ دو سے 4 روز قبل آئیں گی ، چھوٹا موٹا کام 7 روز میں ہو جائے گا، باہر بھی نیا ماحول نظر آئے گا، سٹیڈیم کا نام ابھی تبدیل نہیں کر رہے، قذافی اسٹیڈیم اور ایک دو اور اسٹیڈیم ہیں ان کے نام پر ٹینڈر کر رہے ہیں
