وزیراعظم شہبازشریف27مارچ کو گانچھے کا دورہ کرینگے

گانچھے (محمد علی عالم) وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف 27 مارچ کو ضلع گانچھے کا ایک روزہ دورہ کریں گے۔ اس سے قبل ان کا 25 مارچ کو ممکنہ دورہ متوقع تھا، تاہم اب سرکاری ذرائع کے مطابق وہ 27 مارچ کو گانچھے پہنچیں گے۔ وزیروزیر اعظم شہباز شریف اپنے دورے کے دوران سلینگ میں دانش سکول کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس منصوبے کا مقصد علاقے میں معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانا اور جدید تعلیمی سہولیات مہیا کرنا ہے۔ دانش سکول کے قیام سے گانچھے اور ملحقہ علاقوں کے طلبہ کو اعلی معیار کی تعلیم میسر آئے گی، جو کہ حکومت کے تعلیمی اصلاحات کے ایجنڈے کا اہم حصہ ہے۔ضلعی انتظامیہ نے وزیر اعظم کے استقبال اور دورے کے حوالے سے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جا رہے ہیں اور مختلف محکمے وزیر اعظم کے دورے کو کامیاب بنانے کے لیے متحرک ہو چکے ہیں ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کے عوامی اجتماع کے لیے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کی بڑی تعداد ان سے براہ راست خطاب سن سکے۔وزیر اعظم کے دورے کے دوران علاقے میں جاری دیگر ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا اور ممکنہ طور پر مزید ترقیاتی منصوبوں کا اعلان بھی متوقع ہے۔ مقامی افراد وزیر اعظم کے دورے کو علاقے کے لیے خوش آئند قرار دے رہے ہیں اور امید کر رہے ہیں کہ اس سے گانچھے کی ترقی کو مزید فروغ ملے گا۔