یوم علی،جمعتہ الوداع اور عید اجتماعات کی سکیورٹی فول پروف بنانے کی ہدایت

گلگت (پ ر) انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان افضل محمود بٹ کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں رمضان المبارک کے آخری عشرے کے دوران آنے والے اہم ایونٹس جن میں یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام، شبِ قدر، جمع الوداع، یوم القدس اور عید الفطر کے اجتماعات شامل ہیں، کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں رینجز کے ڈی آئی جیز نے اپنے اپنے ریجن میں آخری عشرے اور عیدالفطر تک کئے جانے والے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفننگ دی۔اجلاس کے دوران انسپکٹر جنرل پولیس نے ہدایات دیں کہ موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں گلگت بلتستان کے داخلی اور خارجی راستوں پر سکیورٹی سخت کی جائے۔ اس کے علاوہ، "ہوٹل آئی " کے زریعے ہوٹلوں میں آنے جانے والوں کی چیکنگ کو موثر بنایا جائے۔ "پولیس آئی" کے جدید سسٹم کو مذید وسعت دینے اور بڑی گاڑیوں کی چیکنگ کو بھی اس سسٹم کے ذریعے یقینی بنانے کے احکامات دیے گئے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہروں میں جاری ناکوں اور چیکنگ کے نظام کو مزید موثر بنایا جائے، جبکہ عید کے دنوں میں شاپنگ مراکز اور مارکیٹوں میں سکیورٹی سخت کی جائے۔ آئی جی پی نے کہا کہ پولیس اہلکار چیکنگ کے دوران پبلک کے ساتھ شائستگی سے پیش آئیں۔ عوام الناس بھی پولیس اہلکاروں اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں سے تعاون کرے۔ اجلاس میں گلگت بلتستان کے تمام عید گاہوں کی سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور قراقرم ہائی وے پر پٹرولنگ کے نظام کو مزید موثر بنانے کی بھی ہدایات دی گئیں۔آئی جی پی نے تمام اضلاع کے ذمہ داران کو ہدایت دی کہ وہ دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مضبوط روابط قائم کریں تاکہ سکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل برانچ اور سی ٹی ڈی کے اہلکاروں کو بھی جی بی کی سطح پر active کر دیا گیا ہے۔ کمیونیکیشن کے زریعے quick ڈیٹا شیئرنگ نظام میں مذید فعالیت لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آخری عشرے کے دوران ہونے والے اہم ایونٹس کے اجتماعات خصوصا عید الفطر کے اجتماعات کے دوران فول پروف سکیورٹی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ تمام اضلاع میں عید اور دیگر ایونٹس کے دوران عوام الناس کی سہولت کے لئے گاڑیوں کی پارکنگ اور ٹریفک کا الگ سے سکیورٹی پلان مرتب کیا جائے۔ اس کے علاہ چاند رات کے موقع پر ہوائی فائرنگ کے تدارک اور حوصلہ شکنی کے لئے ڈسٹرکٹ لیزان کمیٹی کے ساتھ ملکر ٹیمیں تشکیل دی جائیں اور قانون شکنی کے مرتکب عناصر کو فوری گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جی بی پولیس اپنی سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے آخری عشرے کے مقدس ایام کے اجتماعات کے دوران فرض شناسی، دل جمعی اور قومی جوش و جذبے کے ساتھ سکیورٹی کے فرائص سر انجام دے گی۔