بونجی ( پ ر) ناردرن لائٹ انفنٹری کے بیسویں بی ایم ٹی بیچ کی پروقار پاسنگ آئوٹ پریڈ بونجی، استور میں شاندار انداز میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر 881 جوانوں نے اپنی عسکری تربیت کامیابی سے مکمل کی۔ تقریب میں 8 پریڈ کنٹیجنٹس نے حصہ لیا، جبکہ تربیتی مدت 27 ہفتوں پر مشتمل تھی جو ستمبر 2023 سے مارچ 2025 تک جاری رہی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی فورس کمانڈ ناردرن ایریاز کے کمانڈر میجر جنرل سید امتیاز گیلانی تھے، جنہوں نے پاس آئوٹ ہونے والے بہادر جوانوں اور ان کے والدین کو دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ناردرن لائٹ انفنٹری کی قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی گئی ہیں۔ آپ ہی کے آبائو اجداد نے گلگت اسکائوٹس، ناردرن اسکائوٹس اور قراقرم اسکائوٹس کے روپ میں ہمیشہ جرات اور بہادری کی لازوال داستانیں رقم کی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چاہے سیاچن کی برف پوش بلندیاں ہوں، کارگل کے دشوار گزار پہاڑ یا دہشت گردی کے خلاف جنگ، این ایل آئی کے غیور سپاہیوں نے ہمیشہ بہادری، قربانی اور حب الوطنی کی مثال قائم کی ہے۔ این ایل آئی کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہے کہ پاک فوج کی تاریخ میں واحد رجمنٹ کے طور پر ایک ہی جنگ، آپریشن کوہ پیمائ، میں دو نشانِ حیدر حاصل کیے۔ پاسنگ آئوٹ پریڈ کے اختتام پر مہمانِ خصوصی نے دورانِ تربیت بہترین کارکردگی دکھانے والے جوانوں میں انعامات تقسیم کیے اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔
