دیامر (نمائندہ خصوصی )حقوق دو ڈیم بنا تحریک کا دھرنا 24روز میں داخل ہوگیا ۔سربراہ ڈیم کمیٹی مولانا حضرت اللہ نے سینکڑوں نوجوانوں کو طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک حقوق دو ڈیم بنا کے سربراہ مولانا حضرت اللہ نے آج بعد از نماز ظہر تحریکی شوری کمیٹی کے ساتھ طویل مشاورت کے بعد مرکزی پنڈال سے اہم پریس کانفرنس کی۔ انہوں نے تمام قبائل اور تمام موضع جات کے لوگوں کو کہا ہے کہ وہ کل تک 200 سے 300 تک جوانوں کے نام لکھ کر منتظمین علما کے بیس کیمپ میں جمع کرائیں۔ کل تمام نوجوان اور عمائدین افطاری کے بعد چلاس ان ھوٹل پہنچ جائیں تاکہ تحریک کے حوالے سے اہم ترین مشاورت کی جاسکے۔مینٹس آف میٹنگ میکنیزم اور حتمی معاہدے کے حوالے سے علما ء کمیٹی اور ٹیکنیکل کمیٹی نے باہم گفت و شنید اور دیامر متاثرین کمیٹی کے چارٹر آف ڈیمانڈ کو سامنے رکھ کر ترتیب دینا تھا لیکن انتظامیہ کی طرف سے اس میں وعدے کی خلاف ورزی کی گئی ہے جس کی وجہ سے متاثرین نے ایک مرتبہ پھر احتجاجی سلسلے کو بڑھانے کا فیصلہ کیا مذاکراتی عمل ایک مرتبہ پھر شکوک وشبہات کا شکار ہو کر عوام کے غم وغصے میں اضافے کے ساتھ ساتھ 31نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پر ایگریمنٹ تک دھرنے کو مذید وسعت دینے کا فیصلہ کیا۔
