اسمبلی مدت پوری کریگی، انتخابات آئندہ سال ہوں گے، گورنر

 سکردو(محمد اسحاق جلال)گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہاہے کہ صوبائی اسمبلی کے الیکشن آئندہ سال ہونگے رواں سال الیکشن کا کوئی امکان نہیں ہے سکردو حلقہ نمبر1 سے گورنر شپ چھوڑ کر میں خود بھی الیکشن لڑسکتا ہوں میرے بیٹے سید توقیر مہدی شاہ بھانجے بشارت ظہیر' وزیر وقار علی اور قائم بیگ بھی ٹکٹ کیلئے تگ و دو کریں گے سکردو حلقہ نمبر 2 سے شیخ اعجاز بہشتی بھی الیکشن لڑسکتے ہیں سیاست میں آنے سے ہم کسی کو روک تو نہیں سکتے کے پی این سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی بلتستان کے صدربشارت ظہیر مجھ سے ناراض ہی نہیں ہیں تو میں انہیں کیا مناں؟ وہ میرے چہیتے ہیں ان کو دعوت دینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے وہ بھانجا ہونے کے ناطے ویسے بھی میرے گھر آسکتے ہیں پیپلز پارٹی بلتستان کے جنرل سکریٹری میرے ساتھ ہیں ضلعی صدر بھی میرے پاس آتے رہتے ہیں پارٹی کے ڈویژنل صدر کیوں نہیں آتے ہیں وہ انہی سے پوچھا جائے جو پارٹی عہدیدار میرے پاس آتے ہیں ان کو میں بلا کر نہیں لارہا وہ خود آتے ہیں  میرا عہدہ آئینی ہے اس لئے میں تنظیمی لوگوں کو بلا کر اپنے آس پاس نہیں بیٹھا سکتا عہدے کا تقاضا یہ ہے کہ میں تنظیم سے تھوڑا دور رہوں  حلف کے حساب سے میں صرف اپنے پروٹوکول اسٹاف کو ساتھ رکھ سکتا ہوں انہوں نے کہاکہ صوبائی اسمبلی کے انتخابات  آئندہ سال اپریل مئی میں ممکن ہیں وزیراعلی بالکل ٹھیک کہتے ہیں کہ اسمبلی اپنی مدت پوری کرے گی گلگت بلتستان کے موجودہ قانون میں یہ گنجائش موجود ہے کہ گورنر عہدہ چھوڑنے کے فوری بعد الیکشن بھی لڑسکتا ہے تاہم باقی چاروں صوبوں کے گورنرز عہدہ چھوڑنے کے بعد دو سال تک الیکشن نہیں لڑسکیں گے ہمارا خطہ انتظامی آرڈر کے تحت چل رہا ہے اس لئے یہاں گورنر عہدہ چھوڑنے کے فوری بعد الیکشن لڑسکتا ہے انہوں نے کہاکہ مذہبی و سماجی شخصیت شیخ اعجاز بہشتی اب تک اچھے کام کررہے ہیں وہ فلاحی امور نمٹا رہے ہیں مستقبل میں کیا ہوگا اس کے بارے میں کوئی بھی کچھ نہیں کہہ سکتا میں نے ان سے ملاقات کے دوران معلومات اکٹھی کرنے کی کوشش کی ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے بڑے فلاحی امور نمٹانے کا پلان بنایا ہے وہ چاہتے ہیں کہ کچورا میں غربت ختم کرنے کیلئے کام کریں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ہیلتھ انڈوومنٹ فنڈ کی بحالی کیلئے وزیراعلی حاجی گلبرخان سے بات کی ہے وہ معاملہ کابینہ میں لیکر جارہے ہیں انشا اللہ مسئلہ حل ہوگا