آئی ٹی ٹریننگ منصوبوں میں گلگت بلتستان کو شامل کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی حکومت نے آئی ٹی ٹریننگ منصوبوں میں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ٹی کے تربیتی منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہواوے ٹیکنالوجیز کے ساتھ پاکستان کے 3 لاکھ نوجوانوں کو آئی سی ٹی ٹریننگ کی فراہمی کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔اجلاس میں ہواوے ٹیکنالوجیز کے وفد کے ارکان نے شرکت کی۔ اس موقع پر نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے اور آئی ٹی کے شعبے میں عالمی معیار کی تربیت فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں گزشتہ برس چین میں ہواوے ٹیکنالوجیز کے ساتھ طے کیے گئے معاہدوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ ٹیکنالوجی کے فروغ اور ڈیجیٹل انقلاب میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ہے، حکومت نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے لیس کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہواوے کے آئی سی ٹی ٹریننگ پروگرام سے آئی ٹی برآمدات میں اضافے سمیت نوجوانوں کو روزگار کے حصول میں مدد ملے گی۔اس موقع پر ہواوے ٹیکنالوجیز کے نمائندوں نے پاکستان میں جدید تربیتی پروگرام کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ہواوے ٹیکنالوجیز اس اقدام کے تحت نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت (اے آئی)، سائبر سیکورٹی، کلاڈ کمپیوٹنگ اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز میں تربیت فراہم کرے گی۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ 3 لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو آن لائن تربیت فراہم کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے آئی سی ٹی ٹریننگ پورٹل کا باقاعدہ افتتاح وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔حکام کے مطابق ہواوے ٹیکنالوجیز کی جانب سے اس وقت تک 20 ہزار 315 طلبہ کو تربیت فراہم کی جا چکی ہے۔ پروگرام کے تحت طلبہ، ٹرینرز اور آئی سی ٹی ٹیکنالوجیز میں کام کرنے والوں کی اپ سکلنگ کی جا رہی ہے۔ہواوے ٹیکنالوجیز جن ماسٹر ٹریننرز کو تربیت فراہم کرے گا وہ مقامی سطح پر نوجوانوں کو تربیت فراہم کریں گے۔وزیراعظم نے آئی ٹی ٹریننگ کے منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی اور آئی سی ٹی ٹریننگ پورٹل کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے احکامات بھی دیے۔وزیراعظم نے تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر و گلگت بلتستان تک اس منصوبے کو وسعت دینے کی ہدایت کی۔