پیپلز پارٹی خواتین کے حقوق کی علمبردار،امجد ایڈووکیٹ

گلگت (پ۔ر) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صوبائی صدر امجد حسین ایڈووکیٹ نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی خواتین کی سیاسی، سماجی اور معاشی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ خصوصا محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے نامساعد حالات کے باوجود جس بہادری اور حوصلے کے ساتھ پاکستانی قوم کی خدمت کی اور وطن عزیز  میں جمہوریت کی بحالی، معیشت کی بہتری اور دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے لئے کردار ادا کیا وہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین جو ملکی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ پیپلز پارٹی خواتین کے حقوق کی علمبردار رہی ہے اور جدوجہد کرنے والی خواتین کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی تعمیر میں خواتین کا اہم کردار ہوتا ہے۔محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے بطور وزیراعظم خواتین کو تمام شعبہ ہائے زندگی میں نمائندگی دی۔ان کے لئے باقاعدہ ادارے قائم کئے فرسٹ وومن بنک کا قیام عمل میں لایا خواتین پولیس اور لیڈی ہیلتھ پروگرام جیسے انقلابی اقدامات سے خواتین کو اعتماد کے ساتھ ساتھ معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے۔ قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں خواتین کو بھر پور نمائندگی دی اور خواتین کے حقوق اور انکے تحفظ کے لئے قانون سازی کی۔ صدر آصف علی زرداری کے دور حکومت میں پیپلزپارٹی نے خواتین کے حقوق کے حوالے سے تسلسل کو جاری رکھا اور قومی اور صوبائی اسمبلی میں خواتین کی نمائندگی میں خاطر خواہ اضافہ کیا اور خواتین کے حقوق کے حوالے سے تاریخی قانون سازی کی۔ اسکے علاوہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت شہروں کے ساتھ ساتھ ملک بھر کے پسماندہ علاقوں کی غریب اور نادار خواتین کو نہ صرف مالی معاونت فراہم کی بلکہ انہیں خود روزگاری کے مواقع  بھی فراہم کئے۔ پیپلز پارٹی ملک کی واحد جماعت ہے جس نے اپنی جماعت میں خواتین ونگ کے علاوہ بھی دیگر تنظیموں میں خواتین کو بہترین اور مناسب نمائندگی دی ہے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو بھی خواتین کے حقوق اور انہیں بااختیار بنانے کے حوالے سے بہترین ویژن رکھتے ہیں انشا اللہ آنے والے وقتوں میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی خواتین کے حقوق کے حوالے سے ہر ممکن عملی اقدامات اٹھائے گی