چلاس( نمائندہ خصوصی) متاثرین دیامر بھاشہ ڈیم کی'' حقوقِ دو ڈیم بناو'' تحریک کو آج 17دن مکمل ہوگئے۔سربراہ ڈیم کمیٹی مولانا حضرت اللہ نے انتہائی اقدام اٹھانے کی دھمکی دے دی۔تفصیلات کے مطابق ڈیم متاثرین 31نکاتی مطالبات کی منظوری کیلئے 17روز سے شاہراہ قراقرم کے اوپر دھرنا دیئے بیٹھے ہیں لیکن ارباب اختیار خاموش تماشائی بن بیٹھے ہیں۔متاثرین نے رمضان کی دوسری سحری اور افطاری باب چلاس کے مقام پر شاہراہ قراقرم پرکی اور مسافروں کے لئے بھی دسترخوان کا اہتمام کیا۔مولانا حضرت اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واپڈا اور حکومت ہمارے پرامن احتجاج کا غلط فائدہ اٹھا رہے ہیں اگر مطالبات منظور نہ ہوئے تو عنقریب سخت رد عمل دیں گے جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔
