اسرائیل نے غزہ میں امدادی ٹرکوں کا داخلہ روک دیا، جس سے جنگ بندی کے معاہدے پر نیا بحران پیدا ہو گیا ہے۔ حماس نے مصر اور قطر سے ثالثی کی اپیل کی ہے تاکہ معاہدے کو برقرار رکھا جا سکے جبکہ اسرائیلی شہر حیفا میں چاقو حملے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک، 5زخمی ہو گئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے دفتر نے کہا کہ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایلچی اسٹیو وٹکوف کی تجویز کو اپنایا ہے، جس کے تحت رمضان اور پاس اوور کے دوران جنگ بندی کی تجویز دی گئی ہے ۔ اسرائیل کا مطالبہ ہے کہ حماس پہلے مرحلے میں زندہ اور مردہ یرغمالیوں کا نصف رہا کرے جبکہ باقی افراد کو مستقل جنگ بندی کے معاہدے کے بعد چھوڑا جائے۔حماس نے اسرائیلی تجویز مسترد کر دی ہے اور کہا ہے کہ وہ اصل جنگ بندی معاہدے پر قائم ہے، جس کے تحت مذاکرات کے دوسرے مرحلے میں مستقل جنگ بندی پر غور ہونا تھا۔ حماس کے مطابق 42 روزہ جنگ بندی کی عارضی توسیع قابل قبول نہیں۔غزہ میں امداد بند ہونے کے بعد انسانی بحران مزید سنگین ہو گیا ہے۔ مقامی حکام اور انسانی حقوق کے ادارے مطالبہ کر رہے ہیں کہ امدادی ٹرکوں کو فوری داخلے کی اجازت دی جائے تاکہ خوراک، پانی اور ادویات کی کمی کو پورا کیا جا سکے، جرمنی سمیت کئی ممالک نے امداد بند کرنے کی مذمت کی ہے۔ادھر اسرائیلی شہر حیفا میں چاقو برادر شخص کے حملے میں ایک شخص ہلاک اور 5افراد زخمی ہوگئے جبکہ حملہ آور کو بھی ہلاک کردیا گیا۔یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا جب ایک روز قبل اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں امداد کی ترسیل روک دی تھی جس کے بعد غزہ میں جنگ بندی کی توسیع کے حوالے سے شبہات پیدا ہوگئے ہیں۔آ حملہ حیفا کے ایک بس اور ٹرین اسٹیشن پر ہوا، حیفا شہر میں یہودی اور عرب آبادی ساتھ رہتی ہے۔اسرائیل کی ایمرجنسی ریسکیو سروس کے مطابق حملے کے بعد ایک تقریبا 70 سالہ شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ 5دیگر افراد زخمی ہوئے۔خبررساں ایجنسی کے مطابق پولیس نے اسے دہشتگرد حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حملہ آور کو ہلاک کر دیا گیا ہے، حکام نے حملہ آور کی شناخت اسرائیل کی دروزی عرب اقلیت کے ایک فرد کے طور پر کی ہے۔
