ڈیم متاثرین کے دھرنے کو پندرہ دن ہوگئے، واپڈا لوگوں کوتقسیم کرنے کا خواب چھوڑ دے، سربراہ ڈیم کمیٹی

چلاس(نمائندہ خصوصی )متاثرین دیامر بھاشا ڈیم کے احتجاج کو  15دن مکمل ہوگئے۔دھرنا بدستور جاری لوگوں کی تعداد دن بدن بڑھنے لگی۔وفاقی وزارتی کمیٹی تاحال چلاس نہ آسکی،مظاہرین سخت مشتعل، واپڈا اور وفاقی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی،ڈیم متاثرین سے خطاب میں سربراہ ڈیم کمیٹی مولانا حضرت اللہ نے کہا کہ واپڈا متاثرین کے زخموں پر نمک پاشی بند کرے اور مظلوم عوام کے 31نکات پر فوری  عملدرآمد کرے۔ڈیم متاثرین کی قیادت اب علما کے پاس ہے واپڈا لوگوں کو تقسیم اور خریدنے کے خواب دیکھنا چھوڑ دے اب یہ قافلہ اپنا حقوق لیکر دم لے گا۔انہوں نے کہا کہ جب تک آخری مطالبے پر عملدرآمد نہیں ہوتا حقوق کیلئے جدو جہد جاری رہے گی۔دوسری جانب علما دیامر سے وزیر داخلہ شمس لون نے اہم میٹنگ کی جس میں علما نے وفاقی وزارتی کمیٹی سے مذاکرات کرنے کیلئے 20رکنی کمیٹی دینے کی حامی بھر لی ہے تاہم دھرنے کو مطالبات کی منظوری تک ختم کرنے سے انکار کردیا ہے۔