گلگت(سٹاف رپورٹر)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن گلگت بلتستان اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے مقامی چھٹیاں ختم کرنے کے فیصلے کو مکمل طور پر مسترد کر کے تمام ڈاکٹرز کو مقامی چھٹیاں کرنے کا اعلان کیا ہے پی ایچ کیو ہسپتال گلگت میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے پی ایم اے کے صدر ڈاکٹر آصف،ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر بہادر شاہ،جنرل سیکرٹری ڈاکٹر تجمل حسین اور پیرا میڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن گلگت کے صدر شاہد حسین نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ہر وقت صحت کے شعبے کو دیوار سے لگانے کے در پہ ہے۔ بغیر کسی وجہ کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے لئے مقامی چھٹیاں منسوخ کی گئی ہیں حالانکہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے ہفتہ کے روز بھی چھٹی نہیں ہے جبکہ ڈاکٹرز 24 گھنٹے آن کال رہتے ہیں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف بھی انسان ہیں انہیں بھی رشتہ داروں کے غم اور خوشی میں شریک ہونے کا پورا پورا حق ہے، انہوں نے اعلان کیا ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف ہر حال میں مقامی چھٹیاں کریں گے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی نے کنٹریکٹ ڈاکٹروں کو مستقل کرنے کا اعلان کیا تھا مگر طویل عرصہ گزرنے کے باوجود بھی اعلان پر عملدرآمد نہیں ہوا ہے۔ کنٹریکٹ ڈاکٹرز کو فوری مستقل کیا جائے گلگت بلتستان سے کوٹے کی سیٹوں پر ایم بی بی ایس سے فارغ التحصیل ڈاکٹرز کے لئے نئی پوسٹیں تخلیق کروائی اور ڈاکٹروں کو رسک سمیت دیگر الاونسز فراہم کئے جائیں ہسپتال سے ملحقہ کالونی میں ڈاکٹروں کے لئے مکانات الاٹ کئے جائیں جو کہ ڈاکٹروں کے نام پر تعمیر کر کے مقامی انتظامیہ کے آفیسرز براجمان ہیں، ڈاکٹروں نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے مطالبات پورے نہیں کئے گئے تو عیدالفطر کے فورا بعد پورے گلگت بلتستان میں سخت ترین احتجاج کیا جائے گا۔
