گلگت(پ ر)گلگت بلتستان میں رمضان المبارک 2025 کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے سیکورٹی ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے،تفصیلات کے مطابق تمام ڈی آئی جی پولیس رینجز، ڈی آئی جی اسپیشل برانچ اور ضلعی ایس ایس پیز کو ضروری ہدایات دی گئی ہیں ،سیکورٹی پلان کے مطابق تمام مساجد اور افطار و تراویح کے مقامات پر پولیس کی مناسب تعیناتی یقینی بنائی جائے گی جبکہ اے کیٹیگری کی مساجد کی سرچ اینڈ سویپنگ کے لیے کےنائن یونٹس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی مدد لی جائے گی۔ مقامی رضاکاروں کی مدد سے نمازیوں کی جسمانی تلاشی بھی لی جائے گی۔ ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز افطار سے ایک گھنٹہ قبل سے نماز تراویح کے اختتام تک موبائل گشت کریں گے، جبکہ چوتھے شیڈول میں شامل افراد اور کالعدم تنظیموں پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔ تمام گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی پارکنگ مخصوص فاصلے پر کی جائے گی اور پارکنگ ایریاز میں پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ پورے ماہ رمضان کے دوران مشکوک افراد پر گہری نظر رکھی جائے گی، داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ ہوگی اور بغیر شناختی دستاویزات کے پائے جانے والے افراد کو حراست میں لیا جائے گا۔ اسلحے کی نمائش پر مکمل پابندی ہوگی اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ حکام نے ہدایت کی ہے کہ رمضان المبارک کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا وکے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے جبکہ تمام متعلقہ افسران کو رمضان سیکورٹی پلان مرتب کر کے دفتر میں جمع کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
