نظام تعلیم کو قومی و بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنا ہوگا،چیف سیکرٹری

 گلگت(پ ر)چیف سیکرٹری گلگت بلتستان، ابرار احمد مرزا کی صدارت میں گلگت بلتستان میں تعلیمی معیار کو بلند کرنے اور تعلیمی نظام کو مزید موثر بنانے کے لیے مختلف اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورتی اجلاس کا انعقاد ہوا،جس میں سیکریٹری اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ گلگت بلتستان، سید اختر حسین بھی شریک تھے،جبکہ ہیڈماسٹرز اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو کلیدی اسٹیک ہولڈرز کے طور پر مدعو کیا گیا، تاکہ زمینیسطح پر درپیش چیلنجز کو اجاگر کیا جا سکے، مسائل کا حل تلاش کیا جا سکے اور تعلیمی ترقی کے لیے مثر اقدامات کیے جا سکیں۔اس موقع پر چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے تعلیم کو قومی و بین الاقوامی معیارات سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی سیکھنے، سمجھنے، اور مسابقتی صلاحیتوں کو بہتر بنا کر انہیں مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ افراد کو تلقین کی کہ وہ تدریسی معیار کو بہتر بنانے اور طلبہ کی ہمہ جہتی نشوونما کے لیے بھرپور عزم کے ساتھ کام کریں۔اجلاس میں چیف سیکریٹری اور سیکریٹری ایجوکیشن نے شرکا کو یقین دلایا کہ ان کے خدشات کو اولین ترجیح پر حل کیا جائے گا اور تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔سیکریٹری اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ گلگت بلتستان سید اختر حسین نے کہا کہ ایک ہیڈماسٹر کسی بھی تعلیمی ادارے کا مرکزی ستون ہوتا ہے اور اسکول میں نظم و ضبط، تدریسی معیار اور مجموعی تعلیمی ماحول کی بہتری میں اس کا کلیدی کردار ہوتا ہے۔ انہوں نے تمام شرکا کو تلقین کی کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو قومی خدمت کے جذبے سے ادا کریں، کیونکہ معیاری تعلیم ہی ایک خوشحال، ترقی یافتہ اور مضبوط معاشرے کی بنیاد ہے۔اجلاس میں مرد و خواتین ہیڈماسٹرز نے اپنے تجربات کی روشنی میں زمینی سطح پر درپیش تعلیمی چیلنجز، وسائل کی کمی، تدریسی معیار کی بہتری، اور جدید تدریسی طریقوں کے نفاذ جیسے اہم امور پر روشنی ڈالی اور اسکولوں میں درپیش بنیادی مسائل کے حل و بہتری کے لیے اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔