ڈیم متاثرین کے تمام جائز مطالبات منظور کئے جائینگے،امیر مقام

اسلام آباد (پ ر) وفاقی وزیر امور کشمیر گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ ڈیم متاثرین کے جائز مطالبات منظور کئے جائیں گے، ڈیم متاثرین کی شکایات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ گلگت بلتتان اور آزاد جموں وکشمیر کی ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی کمیٹی گلگت بلتستان کے مسائل کا مستقل حل تلاش کریگی۔ اجلاس میں زمین کے معاوضے۔ پانی کی فراہمی، صفائی ستھرائی اور گھریلو آباد کاری پیکیج سے متعلق دیرینہ مطالبات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہاکہ گلگت بلتستان حکومت نے تکنیکی مسائل کے حل کےلئے کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی کمیٹی معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کےلئے کام جاری رکھے گی۔ اعلیٰ سطحی اجلاس میں وفاقی وزیر برائے آبی وسائل ڈاکٹر مصدق حسین ملک، گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان، واپڈا کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر)سجاد غنی، سیکرٹری امور کشمیر و سیفران ظفر حسن، گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹری ابرار احمدمرزا، ایڈیشنل سیکرٹری کامران رحمان خان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔