شدید بارش اور برفباری ،شاہراہ قراقرم، شاہراہ بلتستان کئی مقامات پر بلاک

گلگت (سٹاف رپورٹر) گلگت اور گردونواح کے علاقوں میں شدید بارشوں کے نتیجے میں نظام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئی۔ گزشتہ روز سے جاری بارش کی وجہ سے شاہراہ قراقرم گلگت راولپنڈی سیکشن اور جگلوٹ سکردو روڈ بھی بند ہوگئی۔ بارش کی وجہ سے گلگت میں جگہ جگہ پانی جمع ہونے سے ٹریفک جام رہا۔ جبکہ کے کے ایچ گلگت راولپنڈی سیکشن داسو کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہوئی چلاس ہڈور کے مقام پر پہاڑی تودہ گرنے سے شاہراہِ قراقرم بند ہوئی شاہراہِ قراقرم کی بندش سے مسافر پھنس گئے ہیں۔ اپر کوہستان کے متعدد مقامات پر شاہراہِ قراقرم رات گئے سے بند ہے۔ جگلوٹ سکردو روڈ بھی لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ہوئی تاہم جگلوٹ سکردو روڈ تریکو بلاک سے پتھر ہٹاکر لوگوں نے اپنی مدد آپ یکطرفہ ٹریفک کے لئے بحال کردیا ہے۔ ادھر موسمی خرابی کے پیش نظر ملک کے بالائی علاقوں کے لیے قومی ایئر لائن کی 6 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔فلائٹ شیڈول کے مطابق کراچی، اسلام آباد اور لاہور کی 13 پروازوں کی آمد اور روانگی میں تاخیر ہوئی ہے جبکہ اسلام آباد اور گلگت کی 4 پروازیں پی کے 601، 602، 605 اور 606 منسوخ کر دی گئی ہیں۔اسلام آباد سے سکردو کی قومی ایئر لائن کی 2 پروازیں پی کے 451 اور 452 بھی منسوخ ہو گئیں۔اسلام آباد اور کراچی کی پرواز ای آر 503 کی روانگی میں 8 گھنٹے تاخیر جبکہ اسلام آباد اور دبئی کی نجی ایئر لائن کی پرواز ای آر 701 کی روانگی میں 11 گھنٹے تاخیر ہوئی ہے۔فلائٹ شیڈول کے مطابق لاہور اور کراچی کی پرواز پی ایف 144 کی روانگی میں 2 گھنٹے تاخیر ہوئی جبکہ کراچی ایئر پورٹ کی 5، لاہور کی 4 اور اسلام آباد کی 3 پروازوں میں تاخیر ہوئی ہے۔