ہم نے بہترین ٹیم سلیکٹ کی تھی، کھلاڑی خود بھی کارکردگی سے افسردہ ہیں،عاقب جاوید

قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے مایوس کن کارکردگی کے باوجود کھلاڑیوں کا دفا ع کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں بہترین ٹیم سلیکٹ کی گئی تھی لیکن توقعات کے مطابق پرفارمنس نہیں آئی جو ایک حقیقت ہے۔ کچھ کھلاڑی میچ کیلئے بہت ضروری ہوتے ہیں، ٹیم میں جو بھی سلیکٹ ہوا اپنی کارکردگی کی وجہ سے آیا، یہ حقیقت ہے ہماری پرفارمنس نہیں آرہی، بابر کے سوا ہمارے پاس کون سا آپشن ہے؟۔ راو لپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے واضح کیا کہ کرکٹ میں کوئی معذرت نہیں ہوتی اور ہر میچ سے پہلے ٹیم پر امید ہوتی ہے، جسے ہم سپورٹ بھی کرتے ہیں۔ کھلاڑی خود بھی کارکردگی سے افسردہ ہیں، قوم کو یہ یقین رکھنا چاہیے کہ ٹیم کی طرف سے پوری کوشش کی جاتی ہے۔ بھارت اور پاکستان کے میچ میں جذبات مختلف ہوتے ہیں۔ بھارت کے خلاف میچ کے حوالے سے عاقب جاوید نے کہا کہ اگر پاکستان 300 کے قریب اسکور بنا لیتا تو اچھا مقابلہ ہو سکتا تھا۔ جب اچھا ٹوٹل نہ ہو تو بولرز کو زیادہ اٹیکنگ جانا پڑتا ہے۔ ، یہ نہیں ہوسکتا کہ ہارنے پر پوری ٹیم بدل دیں اور اﺅنڈر 19 کو کھلادیں، بھارت کے علاوہ کسی اور سے ہارتے تو شاید اتنی باتیں نہ ہوتیں۔پاک بھارت میچ میں تجربہ چلتا ہے، ہماری پوری ٹیم نے 400 کے قریب میچز کھیلے ہیں جبکہ بھارتی ٹیم 1500 ون ڈے کھیل چکی ہے،ٹیم میں نئے کھلاڑی ہوں تو یقینا پریشرہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بڑے میچز میں امپیکٹ پلیئرز کا ہونا ضروری ہوتا ہے۔ٹیم سلیکشن پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طیب طاہر نے کچھ اچھی اننگز کھیلی اس لیے ان کو لائے، صائم ایوب کے ان فٹ ہونے کی وجہ سے خوشدل کو لے کر آئے، خوشدل بیٹنگ کے ساتھ بولنگ بھی اچھی کرلیتے ہیں۔ پر انہوں نے کہا کہ صفیان مقیم کو ہم نے ہی موقع دیا تھا، ہمیں پتہ ہے کہاں صفیان مقیم کو کھلایا جاسکتا ہے، سفیان مستقیم اور عرفان نیازی کا ون ڈے کے حوالے سے ایکسپوژر نہیں تھا۔ عاقب جاوید نے مزید کہا کہ ون ڈے میں سات بیٹرز اور چار بولرز کا کمبی نیشن کھلایا جاتا ہے ۔انہوں نے بابر اعظم اور شاہین آفریدی کو ٹیم کے سب سے تجربہ کار کھلاڑی قرار دیا ۔ انہوں نے سعود شکیل کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی جگہ محنت سے بنائی۔عاقب جاوید کا کہناتھا چیمپئنز ٹرافی میں جو ٹیم کھلائی یہی بہترین اور ممکنہ ٹیم تھی، پاکستان کرکٹ میں تبدیلی لانی ہے، اس عمل کو کوئی روک نہیں سکتا۔عاقب جاوید نے صحافی کے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ بتائیں آپ کو ٹیم بنانی ہوتو کیا ٹیم بنائیں گے، کسی بھی ٹیم سے موازنہ کرلیں نسیم شاہ، حارث رﺅف، شاہین آفریدی بہترین بالر ہیں، بابر اعظم کے متبادل ہمارے پاس کیا آپشن ہے؟