ڈیم متاثرین کے مطالبات منظور نہ ہوئے تو ہم استعفیٰ دینے کیلئے تیار ہیں، امجد ایڈووکیٹ

 چلاس(پ ر)پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صوبائی صدر امجد حسین ایڈووکیٹ نے متاثرین دیامر بھاشا ڈیم کے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری تک دیامر ڈیم کے متاثرین کی آواز پہنچائوں گا۔ اگر سنجیدہ مذاکرات نہیں کئے گئے اور عوامی مطالبات تسلیم نہیں کئے گئے تو ہم استعفی دینے کے لئے بھی تیار ہیں۔ عوامی حقوق کے لئے کئی اقتدار قربان کرنے کا جذبہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی جانب سے احتجاجی دھرنے کے لئے چھے لاکھ روپے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ احتجاج صرف دیامر کے عوام کا نہیں بلکہ ہم سب کا احتجاج ہے پورے گلگت بلتستان کا احتجاج ہے۔ ہم گلگت بلتستان کے تمام عوام بحیثیت قوم متحد ہیں ہم ایک دوسرے کی جان ہیں ہماری غیرت و عزت ایک ہے۔ دیامر ڈیم کے متاثرین کا معاہدہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں ہوا ہے پیپلز پارٹی عوامی حقوق کا ہر حال میں تحفظ کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر عوامی مطالبات تسلیم نہیں کئے گئے تو آپ لوگ حکم کریں پورے گلگت بلتستان سے عوام آپ لوگوں کے احتجاج میں شامل ہونے کے لئے روانہ ہونگے اور گلگت بلتستان کے ہر ضلعے میں احتجاج ہوگا۔ واپڈا اور متعلقہ ادارے سنجیدہ مذاکرات کریں اور عوامی مطالبات تسلیم کریں۔ کئی بار کمیٹیاں بنائی گئیں مگر مسائل حل نہیں کئے گئے۔ ملک میں اور بھی بڑے ڈیم بنائے گئے ہیں مگر پہلے وہاں کی عوام کو مطمئن کیا گیا ہے اور انکے مطالبات تسلیم کئے گئے ہیں لہذا دیامر ڈیم کے متاثرین کے مطالبات تسلیم کر کے عوام کو مطمئن کیا جانا ضروری ہے۔ مطالبات کے حصول کے لئے پرامن دھرنے پر دیامر کے علمائے کرام، اکابرین اور عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ تمام مسائل کا حل بلآخر مذاکرات کے ذریعے نکلنا ہے امید کرتے ہیں کہ بامقصد اور نتیجہ خیز مذاکرات کے ذریعے عوامی مطالبات تسلیم کئے جائیں گے۔