گلگت(پ ر)گلگت بلتستان میں منشیات کی روک تھام کیلئے ضلعی انسداد منشیات کمیٹیوں کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے کمشنر گلگت ڈویژن سردار اسد ہارون سے ڈائریکٹر اینٹی نارکوٹکس گلگت بلتستان سید یاسر حسین نے خصوصی ملاقات کی، جس میں گلگت بلتستان میں منشیات کی روک تھام کے اقدامات اور اینٹی نارکوٹکس ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ملاقات کے دوران کمشنر گلگت ڈویژن نے انسداد منشیات کے لیے مزید موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا اور نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کے لیے ضلعی انسداد منشیات کمیٹیوں (District Anti Narcotics Committees) کے قیام کے احکامات جاری کیے۔ یہ کمیٹیاں نہ صرف منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کریں گی بلکہ منشیات کے استعمال کی حوصلہ شکنی اور آگاہی مہم کے ذریعے نوجوانوں کو اس لعنت سے بچانے میں بھی کلیدی کردار ادا کریں گی۔کمشنر گلگت ڈویژن نے اس اہم اقدام کے حوالے سے چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کو باضابطہ خط ارسال کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ اس موقع پر کمشنر گلگت ڈویژن سردار اسد ہارون نے کہا کہ منشیات کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے، اور اس لعنت کے خلاف مثر اقدامات کے بغیر ایک صحت مند اور ترقی یافتہ معاشرے کا قیام ممکن نہیں۔ضلعی انسداد منشیات کمیٹیوں کے قیام سے نہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا بلکہ معاشرے میں منشیات کے خلاف ایک مربوط اور منظم حکمت عملی بھی سامنے آئے گی۔ ڈائریکٹر اینٹی نارکوٹکس گلگت بلتستان سید یاسر حسین نے اس موقع پر اینٹی نارکوٹکس ڈیپارٹمنٹ کی سرگرمیوں اور درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معاشرتی سطح پر منشیات کے خلاف جدوجہد میں تمام طبقات کو متحرک کرنے کی ضرورت ہے۔ان کا مذید کہنا تھا کہ یہ فیصلہ گلگت بلتستان میں منشیات کے خاتمے کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا، جو نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنے اور ایک صحت مند مستقبل کی بنیاد رکھنے میں مدد دے گا۔
