گلگت(پ،ر)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ واپڈا کی جانب سے دیامر بھاشا ڈیم کے متاثرین سے کئے جانے والے معاہدوں پر عملدرآمد نہیں ہوا جسکی وجہ سے متاثرین میں احساس محرومی پیدا ہوا ہے۔ متاثرین کی قربانیوں کی قدر کرتے ہوئے ان سے کئے جانے والے معاہدوں پر بلا تاخیر عملدرآمد کیا جائے،دیامر بھاشا ڈیم متاثرین کی نمائندہ کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ چولہا پیکیج کا GIS سروے مکمل ہونے کے بعد بھی ادائیگیوں میں غیر ضروری تاخیر کی گئی۔ دیامر کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے ازالے کا وقت آگیا ہے ہمیں وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان اوروزیر اعظم پاکستان کی جانب سے متاثرین ڈیم کے مسائل حل کرنے کیلئے قائم کمیٹی کے سربراہ انجینئر امیر مقام سے امید ہے کہ متاثرین ڈیم کو انکا حق دلا ئیں گے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ واپڈا متاثرین کی بحالی اور ریسٹلمنٹ کے حوالے سے کئے جانے والے معاہدوں کو فوری عملی جامہ پہنائے۔ماضی میں باہمی اتفاق نہ ہونے کی وجہ سے ہم اپنے حقوق لینے میں ناکام رہے اب دیامر کے عوام نے مثالی اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کیا ہے جو خوش آئند ہے۔ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہماری روایات اور مسائل سے واقف وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کمیٹی کے چیئرمین ہیں اس لئے اب متاثرین ڈیم کے مسائل حل ہوتے نظر آرہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ متاثرین ڈیم کی کمیٹی ٹائم لائنز کے مطابق مسائل حل کرنے کی یقین دہانی پر دھرنا ختم کرے۔ دھرنے مسائل کا حل نہیں ہوتے۔
