علی کاظم کا نام تمغہ حسن کارکردگی کیلئے تجویز کریں گے، شہزاد آغا


سکردو(محمد اسحاق جلال)صوبائی وزیر تعلیم غلام شہزاد آغا نے کہاہے کہ صوبائی حکومت علی کاظم خواجہ کا نام تمغہ حسن کارکردگی کیلئے تجویز کرے گی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں اس حوالے سے بڑا فیصلہ ہوگا ہم قومی ہیرو کی خدمات کو کسی بھی صورت میں فراموش نہیں کریں گے قومی ہیرو کو اعلیٰ ایوارڈ دیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید کے پسماندگان سے اظہار تعزیت کے بعد قبر پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ ہم سندھ حکومت سے مسلسل رابطے میں ہیں انشا اللہ علی کاظم خواجہ اور ان کے ساتھیوں کی گاڑی کو ٹکر مارنے والوں کو سزا دلائیں گے ہم چاہتے ہیں کہ اس حوالے سے پسماندگان کو انصاف ملے ہماری درخواست پر ہی جامشورو حادثے کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنی ہے ہم نے کہاکہ ایک ایس پی یا پولیس کا ایک عام آفیسر اندوہناک واقعے کی تحقیقات نہیں کرسکتا لہٰذا جے آئی ٹی بناکر حادثے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائے ہمارے مطالبے پر جی آئی ٹی بن گئی ہے اب متاثرہ خاندان کو انصاف ضرور ملے گا انہوں نے کہاکہ علی کاظم خواجہ تمام انسانوں کا سرمایہ تھے ان کی شہادت سے پوری قوم سوگوار ہے انہوں نے ہمیشہ محمد و آل محمد کا ذکر کرنے کو ترجیح دی یہی وجہ ہے کہ آج پوری قوم ان کی جدائی کے غم سے نڈھال ہے ہر آنکھ اشکبار ہے سب لوگ نوحہ کناں ہیں