گلگت، دن میں صرف ڈیڑھ گھنٹہ بجلی ملے گی، شیڈول جاری


 گلگت(نامہ نگار خصوصی)گلگت شہر میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 20 گھنٹے سے بھی تجاوز کر گیا۔ واٹر اینڈ پاور ڈیپارٹمنٹ نے لوڈ مینجمنٹ پروگرام جاری کردیا۔ لوڈ مینجمنٹ پروگرام کے مطابق  شہر میں دن کے اوقات میں ڈیڑھ گھنٹے اور رات میں دو گھنٹے بجلی آن رہے گی۔ جاری شیڈول کے مطابق دو دن  24 گھنٹوں میں سوا چار گھنٹے بجلی جبکہ تیسرے دن ساڑھے تین گھنٹے بجلی دستیاب ہوگی۔ لوڈشیڈنگ مینجمنٹ پروگرام میں مزید کہا گیا ہے کہ کسی بھی فنی خرابی کی صورت میں شیڈول متاثر ہوگا۔ اوور لوڈ ہونے کی صورت میں لوڈشیڈنگ میں مزید بیس منٹ کا اضافہ کیا جائے گا۔ لوڈشیڈنگ میں اضافہ سے شہری پریشان کاروبار متاثر اور مارکیٹ ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے۔ طلبا کی پڑھائی تو ایک طرف ہوم ورک بھی مکمل کرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔تاجر حضرات کو جنریٹر کے ذریعے دکانوں کو روشن کرنے سے اخراجات میں کئی گنا اضافے کا سامنا ہے۔ لوڈ شیڈنگ کے باعث چھوٹے کارخانے بند ہونے سے بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔ حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ ایک طرف  مہنگائی کے اس دور میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے تمام کاروبار متاثر  تو دوسری طرف زندگی کا سفر مشکل ترین مراحل میں داخل ہوا ہے۔