استور(پ ر) ایف سی این اے سنو اسپورٹس میٹ 2025 کی اختتامی تقریب استور میں واقع آرمی ہائی ایلٹیٹیوڈ اسکول رٹو میں ایف سی این اے سنو اسپورٹس میٹ 2025 کا کامیاب اختتام ایک شاندار تقریب کے ساتھ ہوا۔ اس اختتامی تقریب میں فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل سید امتیاز حسین گیلانی، سینئر فوجی حکام، ڈپٹی کمشنر استور محمد طارق، اور مختلف سرکاری و غیر سرکاری اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ایونٹ میں بڑی تعداد میں شائقین نے بھی شرکت کی ایف سی این اے سنو اسپورٹس میٹ 2025 میں مختلف اقسام کے اسکی مقابلے، سرمائی کھیل، اور دیگر دلچسپ سرگرمیاں شامل تھیں جنہوں نے علاقے میں برفانی کھیلوں کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو اجاگر کیا۔ فوج کے جوانوں نے ان کھیلوں میں بھرپور حصہ لیا اور اپنی پیشہ وارانہ مہارت کے جو ہر دکھائے ۔اس ایونٹ کے ایک نمایاں حصے میں پیراگلائیڈنگ کی مشقوں کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں فوجی جوانوں نے آسمان سے پرواز کی اور لوگوں سے داد وصول کی ۔ اس کے علاوہ، پاکستان آرمی نے برف سے ڈھکے علاقوں میں زخمیوں کے انخلا اور سلیج پلنگ کی مشقوں کا عملی مظاہرہ بھی کیا، جس سے شدید موسمی حالات میں فوج کی آپریشنل تیاری اور صلاحیتوں کا بھرپور انداز میں مظاہرہ کیا گیا۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل سید امتیاز حسین گیلانی نے ایونٹ میں شرکت کرنے والے تمام شرکا، منتظمین، اور فوجی اہلکاروں کی محنت اور کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے کھیلوں کے میلوں کا انعقاد نہ صرف علاقے میں موسم سرما کی سیاحت کو فروغ دیتا ہے، بلکہ یہ خطے کے نوجوانوں میں مسابقت، استقامت اور محنت کے جذبے کو مزید پروان چڑھاتا ہے۔ ایونٹ کے اختتام پر انعامات کی تقسیم اور رنگا رنگ ثقافتی پرفارمنس کا انعقاد کیا گیا، جس سے اس ایونٹ کی رونق میں مزید اضافہ ہوا۔
