واش پالیسی متعارف ،عوام کوصاف پانی کی فراہمی یقینی بنائیں گے، وزیراعلیٰ

گلگت(پ ر) وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان حاجی گلبر خان نے WASH (Drinking Water, Sanitation & Hygiene) پالیسی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ہمارے لئے خوش آئند ہے کہ صوبے میں عوام کو صاف پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے پالیسی تیار کی گئی ہے جس کا آج باضابطہ طور پر افتتاح کیا ہے۔ عوام کوصاف پانی کی فراہمی ، نکاسی آب حفظان صحت کے مطابق فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔سابقہ ادوار میں پانی کے منصوبے تعمیر کئے جاتے تھے لیکن صاف پانی کی فراہمی پر توجہ نہیں دی جاتی تھی۔ واش پالیسی پر عملدآمد کو یقینی بنائیں گے۔ تمام پانی کے منصوبوں میں واش سے سرٹیفکیٹ لینا لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ عوام کو صرف پانی کی فراہمی نہیں بلکہ صاف پانی کی فراہمی کو ممکن بنایا جاسکے۔ ملک کے دیگر صوبوں سے زیادہ صاف پینے کے پانی کا مسئلہ گلگت بلتستان میں درپیش ہے۔ بیشتر پانی کے منصوبوں کا انحصار نالوں پر ہے۔ لیبارٹری ٹیسٹ کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ متعدد نالوں کا پانی حفظان صحت کے مطابق نہیں لہٰذا ہماری حکومت نے یہ اصولی فیصلہ کیا ہے کہ عوام کو ہر صورت صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائیں گے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہری علاقوں میں منظم منصوبہ بندی کے تحت صفائی، سیوریج سمیت دیگر سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر واش پالیسی کی تیاری میں کردار ادا کرنے والے تمام متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان نے واش پالیسی کا باقاعدہ افتتاح کیا اور صوبائی وزراء میں واش پالیسی تقسیم کی۔