سیاست کی آڑ میں انتشار، نفرت پھیلانا کسی طور جائز نہیں، فیض اللہ فراق

 فیصل آباد (پ ر)ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق نے کہاہے کہ ملک کا نوجوان ڈس انفارمیشن و مس انفارمیشن کا شکار ہے ، ہائپر نیشنلزم اور پاپولریزم نے ملک کا بہت نقصان کیا ہے۔فیوچریوتھ لیڈرشپ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ، پاکستان جدید ٹیکنالوجی کا صارف ہے ، گوگل پر کسی اور کا قبضہ ہے اور ہم محض صارف کا کردار ادا کرتے ہوئے انتشار و تفریق میں مگن ہیں ۔ نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ اپنی استعداد کو سمجھیں اور مستقبل کی سکرین پر اپنی محنت سے اپنا نام لکھوا دیں ، ترجمان نے کہا کہ آپ جس بھی سیاسی جماعت اور لیڈر کو سپورٹ کرنا چاہتے ہیں بیشک کر لیں ،یہ آپکا بنیادی حق ہے لیکن سیاسی وابستگی کی آڑ میں انتشار اور نفرت پھیلانا ، بداخلاقی کو پروان چڑھانا  اور  کو کمزور کرنا کسی طور جائز نہیں ہے ۔ خالص سیاسی سوچ کا تقاضا ہے کہ ہم رواداری برداشت کے رویے کو فروغ دیں اور ہاتھوں میں موجود ڈیوائس کو کاروبار، محبت اور مثبت سرگرمی کیلئے استعمال کریں ۔ وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کی صلاحیتوں کو استحکام دینے کیلئے جو پروگرامز چل رہے ہیں وہ خوش آئیند ہیں ، ہم سکل ڈویلپمنٹ اور ہنر کے ذریعے ہی نوجوانوں کو مستقبل  کا خوبصورت خواب اور امید دے سکتے ہیں۔