ای سسٹم متعارف ،گورننس اور سروس ڈیلیوری میں بہتری آئیگی، وزیراعلیٰ

گلگت(پ ر)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے  آفس کے افتتاح کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن گلگت بلتستان کےلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ شفافیت، گڈ گورننس اور سروس ڈیلیوری کے نظام کو بہتر بنانے کے حوالے سے صوبائی حکومت کے ویژن کو عملی جامعہ پہنانے کےلئے E آفس سسٹم کا نفاذ لازمی تھا۔ جدید ٹیکنالوجی کے اس دور میں E آفس کے ذریعے سرکاریامور کو آسان اور شفاف بنانے کے حوالے سے ایک نئے باب کا آغاز ہورہا ہے۔ اس سسٹم کے نفاذسے حکومتی محکموں میں شفافیت، بروقت سرکاری امور کی انجام دہی اور عوام کو بروقت سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے گی۔ پہلے مرحلے میں Eآفس کا نفاذ سیکریٹریٹ سطح پر کیا جارہاہے جس کو بتدریج تمام دفاتر میں نافذ کیا جائے گا۔ صوبے کی ترقی اور عوام کے مسائل بروقت حل کرنے سمیت گورننس اور سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کےلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر بن چکا ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے اس جدید نظام کو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ وفاق کے بعد گلگت بلتستان پہلا صوبہ ہے جو اپنے دفاتر میں Eآفس سسٹم نافذ کررہا ہے۔ دوسرے مرحلے میں صوبائی کابینہ کے نظام کو بھی مکمل طور پر Eآفس سسٹم میں تبدیل کیا جائے گا۔ اس نظام کے نفاذ سے سرکاری محکموں میں فائلوں کی ترسیل، ٹریکنگ اور نگرانی کے عمل کو موثر ، آسان اور شفاف بنایا جاسکے گا۔ مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق سرکاری دفاتر میں امور کی انجام دہی کو عمل میں لایا جاسکے گا۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر NITB کے سی ای او اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے گلگت بلتستان میں E آفس کے نظام کو متعارف کرانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے اس موقع پر Eآفس کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ادھروزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے تحصیل آفس گلگت میں پبلک فیسلٹیشن سنٹر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فیسلٹیشن سنٹر کے قیام کا مقصد عوام کو جدید، معیاری اور تیز ترین سہولیات فراہم کرنا ہے۔ ہماری حکومت کا بنیادی مقصد شہریوں کو سہولیات کی بروقت فراہمی اور ان کے مسائل کا جلد حل نکالنا ہے جس کا عملی نمونہ گلگت میں نئے فیسلٹیشن سنٹر کا قیام ہے۔ یہ سنٹر ایک ایسا جدید پلیٹ فارم ہوگا جہاں عوام کو مختلف سرکاری خدمات ایک ہی چھت تلے میسر ہوں گی۔ عوام کو سرکاری دستاویزات کی فراہمی بروقت اور آسان طریقے سے ممکن ہوگی۔ اب شہریوں کو مختلف دفاتر کے چکر لگانے کے بجائے اس فیسلٹیشن سنٹر سے ہی شناختی کارڈ، فارم بے، ڈومیسائل اور اسلحہ لائسنس کا حصول ممکن ہوگا۔ آن لائن اور ڈیجیٹل سروس کی فراہمی سے عوام کا قیمتی وقت ضائع نہیں ہوگا۔ عوام کی خدمت ہماری اولین ترجیحات میں ہے اسی لئے ہم ایسے منصوبے متعارف کروارہے ہیں جس کا فائدہ براہ راست عوام کو ہو۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور صوبائی وزراءکو ایڈیشنل چیف سیکریٹری گلگت بلتستان مشتاق احمد نے فیسلٹیشن سنٹر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔