ڈیم متاثرین کا دھرنا جاری، آج نیا لائحہ عمل دینے کااعلان

چلاس (نمائندہ خصوصی) حقوق دو ڈیم بناو تحریک میں شامل ہزاروں متاثرین نے شاہراہ قراقرم کے کنارے چوتھے روز بھی دھرنا دیا۔ دھرنے کے منتظمین نے دیامر بھر کی عوام کو کمرکسنے کی ہدایات جاری کردیں۔آج پلان B اور اگلے لائحہ عمل کا بھی اعلان ہوگا۔چلاس میں 3سو رکنی کمیٹی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سربراہ ڈیم کمیٹی مولانا حضرت اللہ نے کہا کہ حکومت اور ڈویژنل انتظامیہ کو 20تاریخ تک وقت دیا تھا کہ وہ اس دوران وزارتی کمیٹی تشکیل دے کر چلاس میں متاثرین کے 31نکات پر عملدرآمد کریں لیکن حکومت کی جانب سے متاثرین کے دھرنے کا مکمل نظر انداز کیا گیا۔اب ہم نے دیامر کے تمام نالہ جات سے عوام کو دھرنے میں شرکت کی دعوت دی ہے آج پلان بی کا اعلان ہوگا اور دما دم مست قلندر ہوگا۔اس سے قبل چوتھے روز جاری دھرنے سے ممبر اسمبلی نواز خان ناجی نے بھی خطاب کیا اور مظاہرین سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان دیامر کے متاثرین کو نظر انداز کررہی ہے۔ عوام سڑکوں پر ہیں اور حکمران ٹس سے مس نہیں ۔فوری طور پر متاثرین کے چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد کیا جائے۔