جامشوروحادثہ جاں بحق افراد کی مغفرت کیلئے خصوصی دعائیں

سکردو(چیف رپورٹر)اسلامی تحریک کے مرکزی رہنما علامہ شبیر میثمی نے کہاہے کہ علی کاظم خواجہ سید جان علی شاہ رضوی اور ان کے ساتھی ملت کے عظیم ستارے تھے ہمیں دکھ ہے کہ ایسی ہستیوں سے ہم بچھڑ گئے جب سے جامشورو کا واقعہ پیش آیا ہے پورا ملک سوگ کی کیفیت میں مبتلا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے امام بارگاہ رگیول میں علی کاظم خواجہ اور ندیم خواجہ کے پسماندگان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کیا ان کے ہمراہ اسلامی تحریک کے دیگر رہنما بھی تھے انہوں نے کہاکہ ملت اسلامیہ کا ہر فرد بچھڑے ثنا خوانوں کی خدمات کو یاد رکھے گا ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔اہلسنت والجماعت بلتستان کے خطیب و نامور عالم دین مولانا ابراہیم خلیل اور دیگر اکابرین نے  امام بارگاہ چھنی رگیول میں آکر معروف ثنا خواں علی کاظم خواجہ مرحوم کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اہلسنت والجماعت کے خطیب و نامور عالم دین مولانا ابراہیم خلیل نے اس موقع پر کہاکہ ثنا خوانوں کی رحلت سے ملت اسلامیہ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہم بہت افسردہ ہیں اللہ مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ عنایت فرمائے اہلبیت کی شان میں مدح سرائی کرنے والوں کو دل سے چاہتے ہیں آج پوری ملت اسلامیہ سوگوار ہے۔انجمن صوفیہ نوربخشیہ کے نامور عالم دین مولانا عارف حسین اور دیگر اکابرین نے بھی امام بارگاہ چھنی رگیول میں آکر علی کاظم خواجہ اور ان کے رفقائے کار کی حادثاتی موت پر اظہار افسوس کیا اور ان کی مغفرت کیلئے دعائیں مانگیں اس موقع پر مولانا عارف حسین اور احسان دانش نے کہاکہ علی کاظم خواجہ اور دیگر ثنا خوانوں کی رحلت سے جہاں دیگر مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد  افسردہ ہیں اس سے کئی گنا زیادہ ہم غمگین ہیں ثنا خوانوں کی حادثاتی موت کوئی معمولی سانحہ نہیں ہے ذکر محمد و آل کرنے والے عظیم ہوتے ہیں۔