ڈیم متاثرین کے جائز مطالبات پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے، وفاقی حکومت

اسلام آباد(پ ر)دیامر بھاشا ڈیم متاثرین کے مسائل حل کرنے، مسنگ چولہا متاثرین کو ادائیگیوں اور  پر عملدرآمد کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت  بلتستان انجینئر امیر مقام، وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان حاجی گلبر خان، چیئرمین واپڈا، چیف سیکریٹری گلگت  بلتستان سمیت متعلقہ اداروں کے اعلیٰ آفیسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان نے کہا کہ واپڈا کی جانب سے غیر سنجیدگی اور فیصلوں پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے متاثرین دیامر بھاشا ڈیم میں احساس محرومی انتہاء پر پہنچ چکا ہے جس کی وجہ سے متاثرین سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ مسنگ چولہا کا مسئلہ عرصہ دراز سے حل نہیں ہوا۔ دیامر بھاشا ڈیم میں متاثرین کو روزگار کے مواقع میسرنہیں۔ CBMs پر عملدرآمد میں غیر ضروری تاخیر متاثرین کی احساس محرومی کا سبب بنا رہا ہے۔ چولہا متاثرین کو ادائیگیوں کیلئے TORs کو حتمی شکل دی گئی لیکن اب تک ادائیگیاں نہیں ہوئی۔ متاثرین کو فوری طور پر چولہا پیکیج ادا کیا جائے۔ دیامر بھاشا ڈیم کے مسنگ چولہا متاثرین اور CBMs کے حوالے سے متعدد اجلاس منعقد ہوئے جن میں کئے جانے والے فیصلوں پر واپڈا کی جانب سے تاخیری حربوں کی وجہ سے عملدرآمد نہیں ہورہے ہیں۔ 12سال کا طویل عرصہ گزر چکا ہے لیکن مفامہ عامہ کے CBMsکے تحت منصوبوں پر عملدرآمد کے حوالے سے کسی قسم کی پیش رفت نہیں ہورہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان کے دورہ کے موقع پر بھی دیامر بھاشا ڈیم متاثرین کے مطالبات پیش کئے گئے تھے اور CBMs پر عملدرآمد جلد شروع کرنے کی سفارش کی تھی۔ متاثرین دیامر بھاشا ڈیم اپنے جائز مطالبات کا فوری حل چاہتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ہم کسی غیر قانونی کام کی حمایت نہیں کرتے اور نہ ہی کسی غیر قانونی کام کو ہونے دیں گے۔ دیامر بھاشا متاثرین ڈیم نے ملک کی خوشحالی اور روشن مستقبل کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ متاثرین کے جائز مطالبات حل کرنا ان کا حق ہے۔ بروقت فیصلوں کو کرنے اور ان پر عملدرآمد کو یقینی بنانے سے دیامر بھاشا ڈیم کے حوالے سے درپیش مسائل حل ہوں گے اور منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل ہوگا۔ متاثرین کا مطالبہ ہے کہ وفاقی سطح پر بااختیار کمیٹی بنائی جائے جو متاثرین کی داد رسی کرسکے، ہم اس مطالبے کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ واپڈا تاخیری حربے استعمال کرنے کے بجائے CBMs کے تحت مختلف منصوبوں کیلئے مختص فنڈز کو صوبائی حکومت کو منتقل کرے تاکہ ان منصوبوں پر کام کا آغاز کیا جاسکے۔ اب وقت فیصلوں پر عملدرآمد کا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ متاثرین دیامر بھاشا ڈیم کے مطالبے کے تحت بااختیار وفاقی سطح کی کمیٹی تشکیل دے کر گلگت تشریف لائیں، چلاس میں متاثرین ڈیم کے ساتھ بیٹھ کر ان کے مطالبات سننے اور حل کرنے کی ضرورت ہے، جس میں میں اور میری کابینہ بھی شریک ہوگی۔اس موقع پر وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت  بلتستان انجینئر امیر مقام نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین دیامر بھاشا ڈیم کے جائز مطالبات پر فوری طور پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے۔ متاثرین دیامر بھاشا ڈیم کے قربانیوں کو قدر کی نگاہ کی دیکھتے ہیں۔ چیئرمین واپڈا مسنگ چولہا متاثرین میں ادائیگیوں اور CBMs کے منصوبوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان سے ہدایات لے کر متاثرین دیامر بھاشا ڈیم کے مطالبے کے مطابق اعلیٰ سطحی منسٹیریل کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ جو آئندہ دو روز میں گلگت  بلتستان کا دورہ کرکے متاثرین کیساتھ بیٹھ کر ان کے چارٹر آف ڈیمانڈ کے مطابق جائز مطالبات حل کرنے کیلئے جامع فیصلے کرے گی۔