گلگت(سٹاف رپورٹر )منشیات فروشوں نے سٹی پولیس پر فائرنگ کی جوابی فائرنگ پر منشیات فروش کار چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ شب سٹی پولیس کو مخبر کی طرف سے اطلاع ملی کہ دادی جواری پارک کے قریب ایک کار میں کچھ افراد چرس پی رہے ہیں اور گاہکوں کو چرس فروخت بھی کر رہے ہیں جس پر سٹی پولیس کے ایس ایچ او عملے کے ہمراہ موقع پر پہنچے تو کار سوار پولیس کو دیکھ کر فرار ہوئے۔ سٹی پولیس کی موبائل ٹیم نے کار سواروں کا پیچھا کیا تو کرنل احسان علی روڈ پر مبینہ منشیات فروشوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی سٹی پولیس کی جوابی فائرنگ سے کار کے دونوں ٹائر پھٹ گئے۔ مبینہ منشیات فروشوں نے اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر کار کو کشروٹ میں واقع پیٹرول پمپ پر چھوڈ کر بھاگنے میں کامیاب ہوئے۔ پولیس نے کار کو قبضے میں لیا اور سٹی پولیس کے ایس ایچ او کی درخواست پر کینٹ تھانہ میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور مبینہ منشیات فروشوں کی کار کو بھی قبضے میں لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مبینہ منشیات فروشوں کی شناخت کی گئی ہے اور ملزموں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
