سکردو(چیف رپورٹر)اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی کاظم میثم نے کہاہے کہ پیکا ایکٹ اظہار رائے کی آزادی پر قدغن لگانے کی بھونڈی سازش ہے ہم اس سازش کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے صحافی وکلا سول سوسائٹی کے لوگ ایکٹ کے خلاف جہاں احتجاج کریں گے ہم بھرپور حمایت کریں گے۔ کے پی این سے بات چیت کرتے ہوئے کاظم میثم نے کہاکہ پیکا ایکٹ کے بعد ایک ایک کو اٹھا لیا جائے گا اظہار رائے کی آزادی قصہ پارینہ بن جائے گی ایکٹ راتوں رات منظور کرنے کا مطلب ہی یہی ہے کہ یہاں مخصوص لوگوں کی اجارہ داری کو قائم و دائم رکھنے کا منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے ایکٹ عوامی حقوق کیلئے آواز بلند کرنے والوں کو دبانے کی سازش ہے ہم اس سازش کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے پیکا ایکٹ کے خلاف ہونے والے احتجاج میں ہم بھرپور طریقے سے شریک ہونگے ایکٹ کی منظوری سے قبل کسی سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی صحافی وکلا خود تنہا نہ سمجھیں ہم احتجاج میں ان کی پشت پر کھڑے ہونگے۔
