غذر، یاسین (بیورو رپورٹ) اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا امام شاہ کریم الحسینی کی رحلت کے سوگ میں ضلع غذر بھر میں کاروبار دوسرے دن بھی بند رہا گاہکوچ شہر میں تمام مارکیٹیں بند ہیں جبکہ غذر کی تمام تحصیلوں میں بھی کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر بند کی گئی ہیں بدھ اور جمعرات کے روز ضلع غذر کی دونوں ریجنل و لوکل کونسلوں کے علاوہ مختلف جماعتوں خانوں میں اہلسنت و الجماعت اور اہل تشیع کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے اہل علاقہ نے اسماعیلی فرقے سے تعلق رکھنے والے افراد سے تعزیت کا اظہار کیا اور فاتح خوانی کرائی گئی جبکہ غذر بھر کی جماعت خانوں میں تیسرے روز بھی دعائیہ تقریب جاری ہیں اور جماعت سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات ہر جماعت خانہ میں صبح سے شام تک سوگ منارہے ہیں مشکل کی گھڑی میں اہلسنت برادری کی جانب سے بھرپور ہمدردی کا اظہار کرنے اور اسماعیلیہ کمیونٹی کے غم میں برابر کے شریک ہونے پر کمیونٹی نے بھرپور شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عمل کو بین مذہبی ہم آہنگی کا مثالی نمونہ قرار دیا ہے۔ ادھر اہلسنت والجماعت یاسین کے وفد نے سابق ممبر گلگت بلتستان اسمبلی و صدر پاکستان تحریک انصاف گلگت ڈویژن راجہ جہانزیب کی قیادت میں اسماعیلی لوکل کونسل سلطان اباد یاسین میں پرنس کریم آغا خان الحسینی مرحوم کی ایصال ثواب کی دعا کرتے ہوئے اہل اسماعیلی برادری کو تعزیت و پیش کی ۔ ہزہائینس پرنس کریم آغا خان الحسینی کی عالم انسانیت کیلئے خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ مرحوم کے بلندی درجات و اسماعیلی فرقے و عالم اسلام کو عظیم وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ۔اہلسنت والجماعت یاسین کے وفد میں راجہ جہانزیب ،راجہ لیاقت علی خان ،سابق ممبر ضلع کونسل راجہ شاہ محمد ،مدریس ریاض احمد خان ریٹائرڈ صوبیدار شاہ ویز اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر پرنس رحیم آغا خان کو اسماعیلی جماعت کی امامت پر مبارکباد پیش کی۔ واضح رہے یاسین میں ہزہانس پرنس کریم آغا خان کی رحلت کے غم میں یاسین کے کمرشل ایریا طائوس چوک سمیت علاقہ بھر میں دوسرے روز بھی دکانیں مکمل طور پر بند رہیں۔ یاسین میں قائم تمام جماعت خانوں میں صبح سے شام تک تسبیحات کی محفل جاری رہی۔
