عالمی برادری بھارتی مظالم رکوائے،امیر مقام

اسلام آباد(انٹرنیوز) وفاقی وزیر امور کشمیر گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ کشمیری عوام جبر، سازشوں کے باوجود حق خود ارادیت کے حصول کیلئے اپنی جدوجہد میں ثابت قدم ہیں،وقت آ گیا عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کے عوام کو سلامتی کونسل قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کا استعمال کرنے کے قابل بنانے کیلئے اقدامات کرے۔یوم یکجہتی کشمیر پر جاری بیان میں امیر مقام نے کہا کہ ہر سال یوم یکجہتی کشمیر کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کی حمایت کیلئے منایا جاتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ جموں کشمیر پر سلامتی کونسل کی قراردادیں منصفانہ،غیر جانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے کشمیری عوام کو مستقبل کا فیصلہ کرنے کے حق کی توثیق کرتی ہیں تاہم بھارت گزشتہ 77سالوں سے کشمیری عوام کو یہ حق دینے سے انکاری ہے۔انہوں نے کہا کہ 5اگست 2019ءکے غیر قانونی و یکطرفہ اقدامات کے بعد بھارت کشمیری عوام کو انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیوں کا نشانہ بھی بنا رہا ہے، اس نے اختلاف رائے کو کچلنے کیلئے خوف کا ماحول بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام جبر اور سازشوں کے باوجود اپنے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے اپنی جدوجہد میں ثابت قدم ہیں جن کی ہمت اور قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اپنے وعدوں پر عمل کرے اور جموں و کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں درج حق خودارادیت کا استعمال کرنے کے قابل بنانے کے لیے اقدامات کرے۔