گلگت(پ ر)معاون خصوصی برائے اطلاعات ،گلگت بلتستان ایمان شاہ نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے اپنے ایک خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 5 فروری کا دنہمیں مظلوم کشمیری عوام کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، جو سات دہائیوں سے بھارتی ظلم و جبر کے خلاف اپنی جدوجہد آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم کو دنیا کی کوئی طاقت نظر انداز نہیں کر سکتی۔ آج کا دن ہمیں اس عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہر فورم پر ان کا مقدمہ بلند کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اور معصوم شہریوں پر ہونے والے مظالم عالمی برادری کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔ عالمی ضمیر کو جاگنا ہوگا اور کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا حقِ خودارادیت دینا ہوگا۔گلگت بلتستان کے عوام اور حکومت کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور ہر سطح پر ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔ ان شا اللہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر کے مظلوم عوام آزادی کی نعمت سے سرفراز ہوں گے۔
