گلگت(پ ر)چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا نے میونسپل لائبریری گلگت کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف سیکشنز کا جائزہ لیا اور لائبریری کی بہتری کے حوالے سے ضروری احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر کمشنر گلگت ڈویژن سردار ہارون اسد، ڈپٹی کمشنر ضلع گلگت امیر اعظم حمزہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عارف حسین اور دیگر اعلی حکام بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کے دورے کے دوران لائبریرین نے انہیں لائبریری کی تاریخ، موجودہ سہولیات اور مختلف سیکشنز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ میونسپل لائبریری گلگت خطے کے طلبہ، محققین اور علم دوست افراد کے لیے ایک اہم علمی مرکز ہے، جہاں مختلف موضوعات پر ہزاروں کتب اور تحقیقی مواد دستیاب ہے۔چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے لائبریری میں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے صفائی،بیٹھنے کے انتظامات اور کتب کے تحفظ کو مزید بہتر بنانے کے احکامات دیئے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے لائبریری کو ڈیجیٹلائز کیا جائے تاکہ قارئین کو آن لائن مواد تک بھی رسائی حاصل ہو سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی و تحقیقی ادارے کسی بھی معاشرے کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، اور لائبریریاں علم کے فروغ کا ایک اہم ذریعہ ہیں۔ حکومت گلگت بلتستان تعلیمی سہولیات کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور میونسپل لائبریری کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے بھی جامع منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔چیف سیکریٹری نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ لائبریری کے وسائل میں اضافے کے لیے مزید کتب اور ریسرچ میٹریل فراہم کیا جائے، اور طلبہ و محققین کے لیے ایک آرام دہ اور علمی ماحول یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں اس لائبریری کو ایک جدید تعلیمی مرکز کے طور پر مزید ترقی دی جائے گی۔دورے کے اختتام پر چیف سیکریٹری نے لائبریری کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور وہاں موجود طلبہ و قارئین سے ملاقات کر کے ان کے مسائل اور تجاویز سنیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت ان کی تعلیمی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔
